• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یواین قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے، لطیف کھوسہ

لیڈز (محمد رجاسب مغل) سابق گورنر پنجاب پیپلز پارٹی پاکستان کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادیں ہیں اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت کی ضمانت یہی قراردادیں فراہم کرتی ہیں۔ ان کو من وعن تسلیم کرکے استصواب کرایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیڈز میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس کی صدارت پیپلز پارٹی لیڈز کے صدر چوہدری محمد یعقوب نے کی، جبکہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یٰسین مہمان خصوصی کی حیثیت سے جلسے میں شریک تھے۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ اگر بھارت 1948میں خود اقوام متحدہ نہ جاتا تو غیور کشمیری اپنے زور بازو سے کشمیر آزاد کرا چکے ہوتے۔ وہ جذبہ جہاد سے سرشار کامیابی سے آگے بڑھ رہے تھے۔ کشمیریوں اور پاکستان نے عالمی برادری پر اعتماد کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو قبول کیا، مگر افسوس آج70سال گزرنے کے بعد بھی کشمیریوں کو ان کو حق خودارادیت نہیں دیا گیا، انہوں نے کہا کہ آج عالمی برادری جنگ عظیم کے خاتمے کی صدسالہ تقریبات منا رہی ہے۔ عالمی برادری کو جنگ عظیم کے محرکات پر بھی غور کرنا چاہیے کہ یہ جنگ اس وقت چھڑی جب لوگوں کے حقوق چھین لئے گئے تھے۔ جہاں آج عالمی برادری دنیا میں امن کی بات کرتی ہے وہاں اس کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ پاکستان اور بھارت جو دو ایٹمی قوتیں ہیں ان کے درمیان سلگتا ہوا مسئلہ کشمیر ہے۔ اگر عالمی برادری نے مسئلہ کشمیر پر آنکھیں بند کردیں تو پورا خطہ اس کی زد میں آئے گا۔ آزاد کشمیر اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ عالمی برادری کے لئے اقوام متحدہ کی رپورٹ جس میں مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی پامالیوں کا ذکر کیا ہے آنکھیں کھولنے کے مترادف ہے۔ کشمیری گزشتہ 70سال سے یہ ستم محض آزادی حاصل کرکے پاکستان کے ساتھ شامل ہونے کے لئے سہہ رہے ہیں، جبکہ بھارت کشمیریوں کے تیور بھانپ کر ہی ان کو اپنے ساتھ جوڑے رکھنے کے لئے ظلم، جبر اور ستم کا ہر حربہ آزما رہا ہے۔ اس کے آٹھ لاکھ سفاک فوجیوں نے کشیریوں کا عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقسیم ہند کے وقت کشمیر برطانوی حکومت کا چھوڑا ہوا نامکمل ایجنڈا ہے اب برطانیہ اور عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلائے، جسے اقوام متحدہ نے بھی تسلیم کر رکھا ہے۔ تقریب سے پیپلز پارٹی بریڈ فورڈ کے صدر آصف نسیم راٹھور، پیپلز پارٹی برطانیہ کے مرکزی نائب صدر چوہدری عبدالقیوم، سابق لارڈ میئر کونسلر محمد اقبال کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں چوہدری ظفر دین، چوہدری کرامت حسین، چوہدری صغیر پوٹھی، عبدالقیوم ماموں، چوہدری عالمگیر، چوہدری لیاقت علی، ارشد برکی، چوہدری حنیف ایڈووکیٹ، کونسلر گوہر الماس خان، چوہدری محمد ادریس، چوہدری طارق، شاہد قریشی کے علاوہ کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی پنڈال میں پہنچنے پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے سردار لطیف کھوسہ کو پھولوں کے ہار پہناکر استقبال کیا۔

تازہ ترین