• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’پٹرول 87 سے 97 لیٹر ،ڈالر 115 سے 133 پر جاپہنچا‘

مسلم لیگ ن کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ ہماری حکومت پٹرول 87 روپے لیٹر چھوڑ کر گئی آج وہ 97 روپے لیٹر ہوگیا،ڈالر 115 سے 133 پر جاپہنچا ہے۔

سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مصدق ملک اور مریم اورنگزیب  کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی اور کہا کہ حکومت میں نہ اہلیت ہے، نہ صلاحیت، نہ منصوبہ بندی، صرف بد نیتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوست ملکوں سے مدد آرہی ہے تو آئی ایم ایف کے پاس جانے کی کیا ضرورت ہے؟ہمارا احتساب کریں،لیکن جہانگیر ترین، پرویز الہی اورعلیم خان کا بھی احتساب کریں،مالی اور باورچی کے نام پر اکاؤنٹ کھولنے والوں کا بھی احتساب کریں۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان کا اب سب سے بڑا مسئلہ حکمرانوں کا جھوٹ بولنا اور جھوٹے الزام لگانا ہے، اگر بحران ٹل گیا ہے تو صحت اور تعلیم کے بجٹ سے جو رقم کاٹی ہے کیا وہ واپس شامل کریں ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ بتائیں 700 ارب روپے کی کونسی نئی چیز پکڑی ہے،انہوں نے پھر قوم کو ٹرک کی بتی کےپیچھے لگادیا۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ علیم خان کا بھی احتساب کریں، عمران خان نے ایک لاکھ 47 ہزار روپے ٹیکس بھرا، تو یہ بتائیں بجلی کا بل کہاں سے آتا ہے، پٹرول کہاں سے آتا ہے؟

مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ آپ بے نامی اکاؤنٹ کا احتساب کریں لیکن مالی اور ڈرائیور کے نام پر اکاؤنٹ کھولنے والوں کا بھی احتساب کریں ،یہ توحکومت کو بھی نہیں پتہ کہ وہ کیا کرنا چاہتی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت پر ان ڈائرکٹ ٹیکس لگانے کا الزام لگاتے تھے، انہوں نے 90 ارب کے اور ان ڈائرکٹ ٹیکس لگادئیے،پی ٹی آئی کی حکومت ہم سے زیادہ قرض لے گی ،یہ پوری حکومت جھوٹ پر مبنی ہے، جو مرضی آئے یہ جھوٹ بولتے ہیں۔

مصدق ملک نے کہا کہ اگر بحران ٹل گیا ہے تو بجٹ میں کٹوتیاں اور نئے ٹیکسز واپس لیے جائیں،آ پ نے 75 سے90 ارب کے نئے ٹیکس لگائے ہیں وہ واپس لیں ۔

تازہ ترین