• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کیلئے ٹیموں کی تشکیل کیلئے پلیئرز ڈرافٹ سے قبل پلیئرز کو ریلیز کرنے کا مرحلہ مکمل ہوگیا، ٹیموں نے برقرار رہنے والی کھلاڑیوں کی فہرست بھی جاری کردی ہے ۔


لاہور قلندرز سے کرس لن کو ریلیز کردیا گیا، پلاٹینم میں صرف فخر زمان کو برقرا رکھا گیا ہے جبکہ شاہد آفریدی اور کراچی کنگز کی راہیں بھی جدا ہوگئیں۔

پاکستان سپر لیگ کیلئے ٹیموں کی ری ٹینشن کا اعلان منگل کو کیا گیا، لاہور قلندرز نے فخر زمان کو پلاٹینم اور یاسر شاہ کو ڈائمنڈ میں برقرار رکھا ہے، شاہین شاہ آفریدی کو لاہور قلندرز کا پلیئر ایمبسیڈر بنادیا گیا ہے جس کے بعد وہ گولڈ سے سلور کیٹیگری میں آگئے ہیں۔

کراچی کنگز نے شاہد آفریدی کو ریلیز کرتے ہوئےپلاٹینم میں کولن منرو، محمد عامر اور بابر اعظم کو رکھا ہے، کولن انگرام کو پلیئر ایمبسیڈر مقرر کیا ہے جس کے بعد وہ ڈائمنڈ کیٹیگری میں آگئے ہیں۔

دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے لیوک رونکی، شاداب خان اور فہیم اشرف کو پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھا ہے ، ڈائمنڈ میں اس نے آصف علی اور محمد سمیع کو برقرار رکھا ہے، گولڈ میں رومان رئیس جبکہ سلور میں حسین طلعت کو بطور ایمبسیڈر رکھا ہے جبکہ وقار مقصود، صاحبزادہ فرحان اور ظفر گوہر کو برقرار رکھا ہے۔

پشاور زلمی نے وہاب ریاض اور حسن علی کو پلاٹینم میں برقرار رکھا ہے ، کامران اکمل کو پلیئر ایمبسیڈر بنایا گیا ہے جس کے بعد وہ ڈائمنڈ کیٹیگری میں آگئے ہیں، ڈیرن سیمی بھی ڈائمنڈ میں ہیں جبکہ لیام ڈاوسن گولڈ میں برقرار ہیں۔

ملتان سلطانز نے پلاٹینم میں صرف شعیب ملک کو برقرار رکھا ہے، عمران طاہر اور کیرون پولارڈ کو ریلیز کردیا گیا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سرفراز احمد کو پلاٹینم میں برقرار رکھا ہے ۔

تازہ ترین