• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر پر ہم سب متحد ہیں، آزادکشمیر میں آئندہ سال بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے، راجہ فاروق حیدر

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) مسئلہ کشمیر اپنے حل کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ UNOکی مقبوضہ کشمیر میں  بنیادی انسانی حقوق کی بدترین پامالی اور حق خودارادیت کی رپورٹ کے بعد برطانیہ سے فیکٹ فائنڈنگ مشن اور اب یورپ کے سب سے بڑے پارلیمنٹری فورم برسلز میں انسانی حقوق کے کمیشن کے سامنے مسئلہ کشمیر پر بحث انتہائی اہم پیش رفت ہے۔ آئندہ برس جون جولائی میں آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں اظہار تشکر کیلئے انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس کا انعقاد کروا کر UNOانسانی حقوق کے کمیشن، برطانوی کشمیر پارلیمنٹری گروپ سمیت برسلز میں مسئلہ کشمیر پر لابنگ کرنے والوں کو آزاد کشمیر آنے کی دعوت دے کر دونوں اطراف کے کشمیریوں کی جانب سے آواز اٹھانے پر شکریہ ادا کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے برسلز میں ای یو کشمیر ویک میں اور مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق پر مبنی تصویری نمائش کے افتتاح کے بعد برمنگھم میں پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی جانب سے مڈلینڈ کے صدر راجہ امجد خان، راجہ رفاقت حسین کی جانب سے استقبالیہ اور میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر حاجی یعقوب خان، کونسلر عتیق، راجہ ادریس، راجہ ظہور خان، چوہدری بشیر، سیٹھ صابر خان، چوہدری جبار، سلیم بٹ، ظفر سلام، چوہدری عبدالرحمٰن آرائیں سمیت کثیر تعداد میں لیگی رہنمائوں کارکنوں نے شرکت کی۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے مزید کہا کہ اوورسیز کشمیریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اپنی اصلی حالت میں زندہ رکھا ہوا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ برس جب برسلز میں انسانی حقوق کے کمیشن کے سامنے مسئلہ کشمیر کی بحث "Hearing"ہو تو برطانیہ و یورپ بھر سے کثیر تعداد میں کشمیری اپنی شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ آپ کی آواز مزید موثر ہو سکے۔ راجہ فاروق حیدر خان نے مزید کہا کہ اس حوالے سے ہم اپنے سیاسی اور نظریاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ون پوائنٹ ایجنڈا پر باہمی متحد اور متفق ہیںَ، آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت سردار عتیق احمد خان، چوہدری محمد یٰسین، چوہدری عبدالمجید، لطیف اکبر، بیرسٹر سلطان، عبدالرشید ترابی سب مل کر اس پر کام کریں گے۔ بحیثیت بیس کیمپ وزیراعظم کی حیثیت سے میں ساری قیادت کے ساتھ کشمیر کی آزادی کیلئے بطور کارکن کام کرنے کیلئے تیار ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آزاد خطہ پرامن اور محفوظ ہے، اوورسیز کمیونٹی سرمایہ کاری کرے سہولتیں دیں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کشمیر کمیٹی کا چیئرمین سینئر سیاستدان راجہ ظفرالحق کو ہونا چاہئے جو کشمیریوں کا درد اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات جلد کرانے کا عندیہ دیا کہا کہ میں تو 2016 میں کرانا چاہتا تھا مگر نئی ووٹر لسٹوں اور حلقہ بندیوں کی وجہ سے تاخیر ہوئی اب تیاریاں مکمل ہیں آئندہ برس کرائیں گے۔ پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کے بعد آزاد کشمیر کے حوالے سے کہا کہ ان ہائوس تبدیلی اپوزیشن کا آئینی حق ہے مگر ان کے پاس صرف دو سیٹیں ہیں، عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کیلئے تیرہ (13) ممبران چاہئیں۔ کامیابی تو دور کی بات ہے وزیراعظم نے راجہ رفاقت حسین کے گھر ناشتہ کیا اور راجہ امجد خان کے چچا کی فاتحہ خوانی کیلئے حاجی یعقوب کی رہائش گاہ بھی گئے۔ اس موقع پر عامر یعقوب، تجمل نوابی اور دیگر موجود تھے۔

تازہ ترین