• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریگزٹ کا معاملہ، کنزرویٹو پارٹی کی درجنوں حساس نشستوں کے ووٹر دوبارہ ریفرنڈم کے خواہاں

لندن( نیو ز ڈیسک) ایک نئی سٹڈی سے انکشاف ہواہے کہ کنزرویٹو پارٹی کی درجنوں حساس نشستوں کے ووٹر دوبارہ ریفرنڈم چاہتے ہیں،25 ہزارسے زیادہ افراد سے کئے گئے سروے کے مطابق ایسے 67 حلقوں کے ووٹر جہاں سے ٹوری پارٹی کو بہت کم ووٹوں کی اکثریت حاصل ہوئی تھی چاہتے ہیں کہ بریگزٹ کے معاملے میں دوبارہ ووٹنگ کرائی جائے ،یہ بات اس وقت سامنے آئی ہے جب تھریسا مے کی یہ امیدیں کہ وہ نومبر میں یورپی یونین سے علیحدگی کا معاہدہ کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی دم توڑ رہی ہیں اور ڈائوننگ سٹریٹ سے ہی یہ کہاجارہاہے کہ ابھی بہت سے اہم معاملات پر فیصلہ ہونا باقی ہے جب کہ انڈیپنڈنٹ کی اطلاع کے مطابق برطانوی حکام اپنے یورپی یونین کے ہم منصبوں کے ساتھ پیر کی رات پونے3 بجے تک مذاکرات میں مصروف تھے۔لندن کے گلڈ ہال میں لارڈ میئر کے عشائیے کے دوران وزیراعظم تھریسا مے نے اس بات پر زور دیاتھا کہ اب مذاکرات آخری مراحل میں ہیں انھوں نے برسلز کو بھی متنبہ کیاتھا کہ انھیں ہر قیمت پر کوئی فیصلہ قبول کرنے پر مجبور نہیں کیاجاسکتا۔انھوں نے کہا کہ ہم نے یورپی یونین سے علیحدگی کے معاہدے کے حوالے سے بقیہ معاملات طے کرنے کیلئے پوری رات سخت محنت کی ہے ۔پیر کو یورپی یونین کے بریگزیٹ کے سوال پر چیف مذاکرات کار مائیکل بارنیئر نے یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کو بتایا تھا کہ علیحدگی کامعاہدہ تیار ہے اورتھریسا مے اب اسے منگل کو اپنی کابینہ میں پیش کریں گی۔ ڈائوننگ سٹریٹ نےاس پر شدید ردعمل کااظہار کیاتھا اور وزیراعظم کے دفتر کے سرکاری ترجمان نے انتہائی برہمی کے ساتھ کہاتھا کہ میں نے معاملات کو کچھ مرچ مصالحے کے ساتھ پیش کرنے کی بات کی تھی۔اس حوالے سے ابھی مذاکرات جاری ہیں۔
تازہ ترین