• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے طلبا و طالبات وطن کے خلاف پروپیگنڈے کا خاتمہ کریں، ای یو پاک فرینڈشپ

بارسلونا (جواد چیمہ) گرین وچ یونیورسٹی کے طلبا کے دورہ بارسلونا کے موقع پر ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین کے ممبران کے ہمراہ ایک بیٹھک کا اہتمام کیا گیا، جس میں صدر ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین کامران خان، جنرل سیکرٹری چوہدری نعمان علی، معروف ایڈوائزر ٹو چیئرمین یاسر ادریس نے شرکت کی۔ کامران خان نے طلبا کے وفد کو بارسلونا میں خوش آمدید کہا اور ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین کی پاکستان اور تارکین وطن پاکستانیوں کے حوالہ سے خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن کا مقصد پاکستان سے باہر پاکستان کا پرامن روشن اور حقیقی چہرہ دکھانا ہے۔ عالمی میڈیا پر پاکستان کو جس طرح پیش کیا جاتا ہے وہ حقیقت سے کوسوں دور ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے طلبہ جب یہاں آتے ہیں جس میں طالبات بھی شامل ہوتی ہیں تو یہاں کے اعلیٰ عہدیداران کو یہ باور ہوجاتا ہے کہ پاکستان خواتین کے حقوق کا پاسدار اور اقلیتوں کا محافظ ہے اور ان کو پاکستان برابر کے حقوق دیتا ہے۔ ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کے چیف آرگنائزر محمد حیدر شاہ نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ پاکستان کی سربلندی اور ترقی کی خاطر ہر طرح کے منفی پروپیگنڈہ کو ختم کرنے کے لئے موثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ پاکستان کے سافٹ امیج کو دنیا کے سامنے لانے کی ضرورت ہے جس کے لئے ہمیں اپنے نوجوانوں کو تیار کرنا ہوگا اور آپس کے اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے طلبا کے وفد کی اوورسیز کمیونٹی سے ملاقاتوں کو پاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے کا مثبت ذریعہ قرار دیا اور کہا کہ ایسے دوروں سے ملک کی عکاسی ہوگی۔ گرین وچ یونیورسٹی کے وائس چیئرپرسن اور ریسرچر علی جیلانی، فیکلٹی ممبرز انم درانی، فیصل انصاری اور طلبہ نے پاکستان کے مختلف شعبوں اور تاریخ پر گفتگو کی۔ طالب علم رہنما نوید مغل اور دیگر طلبا و طالبات نے ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین کے ساتھ پاکستان کے حقیقی چہرے کو نمایاں کیا اور انہیں بتایا کہ پاکستان امن و امان اور دنیا میں دہشت گرد عناصر کی بیخ کنی کرنے میں پیش پیش ہے۔ جہاں جہاں بھی انسانی حقوق کی پامالیاں ہورہی ہیں ان پر تشویش کا اظہار کیا گیا طلبا نے اسپین میں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اور چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسر کے کام اور وژن کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔
تازہ ترین