• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میں قبضے کرنیوالوں کیخلاف جلد بڑا آپریشن کیا جائیگا،شہریار آفریدی ، علی اعوان

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر نظرثانی کے لئے کمیشن تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے ،اسلام آباد میں قبضے کرنے والوں کے خلاف جلد بڑا آپریشن شروع کیا جائے گا، آج سے پہلے کسی حکومت نے قبضہ مافیا پر ہاتھ نہیں ڈالا، اب ان کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا اور انہیں مثال بنایا جائے گا۔ منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم کو چیئرمین سی ڈی اے اور ان کی ٹیم نے تفصیلی بریفنگ دی، 1960ء میں اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر آج تک نظرثانی نہیں کی گئی جبکہ ہر 20 سال بعد اس پر بڑھتی ہوئی آبادی اور نئی ضروریات کے تحت نظرثانی کی جانی تھی جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے، قبضہ مافیا کو لائسنس دیئے گئے، گرین بیلٹس پر قبضے کئے گئے اور جنگلات کی زمینوں پر تجاوزات کی گئیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ تین سے چھ ماہ کے اندر ماسٹر پلان پر نظرثانی کی جائے اور قانونی دائرہ میں رہتے ہوئے تمام ضروریات کا جائزہ لے کر نیا ماسٹر پلان ترتیب دیا جائے، متاثرین اور ماڈل ویلیج قائم کرنے کے حوالے سے بھی قانونی فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے کام کیا جائے،فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایک کمیشن بنایا جائے گا جو آزادانہ طور پر کام کرے گا۔

تازہ ترین