• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 14 نومبر ، 2018

کراچی میں شدید دھند کی وجوہات سامنے آ گئیں


کراچی میں صبح سویرے شہر بھر میں دھند نے ڈیرے ڈال لیے، دھند کی وجہ سے حد نگاہ محدود ہوگئی۔

کراچی میں شدید دھند کی وجوہات سامنے آ گئیں
کراچی میں 11 بجے دن بھی دھند چھائی ھوئی ھے، جس میں آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع ایم سی بی ٹاور اور حبیب پلازہ دھندلا گئے ہیں

شہر بھر میں مختلف گاڑیوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا رہا، علی الصبح گاڑیوں کو اپنی ہیڈ لائٹس جلانی پڑ گئیں۔

کراچی میں سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نیو کراچی، یوپی سوسائٹی، ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، شارع فیصل، ملیر، شاہ فیصل کالونی، گلستان جوہر، گلشن اقبال، لسبیلہ، گولیمار، گرومندر، ایم اے جناح روڈ، صدر، آرٹس کونسل چوک، برنس روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، ٹاور، کھارادر اور دیگر علاقوں میں علی الصبح پھیلنے والی دھند سے مختلف گاڑیوں بالخصوص اسکول جانے والے بچوں کی وینوں کو شدید دشواری ہوئی۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید دھندکے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں دھند چھائی ہوئی ہے، کراچی میں صبح سویرے گہری دھند کے باعث حد نگاہ ایک کلومیٹر رہ گئی۔

محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ 3دن سے سمندری ہوائیں نہ چلنے اور ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے کی وجہ سے دھند چھائی ہوئی ہے،11 بجے کے بعد دھند چھٹنا شروع ہو جائے گی۔

محکمہ موسمیات کا آئندہ 3 گھنٹوں تک اسموک برقرار رہنے کی وارننگ کے ساتھ کہنا ہے کہ شہر میں چھائی ہوئی دھنداسموک میں تبدیل ہوگئی ہے، دھند کی شدت میں کمی اسموک کہلاتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ ہوا میں نمی کم ہونے سے دھند اسموک میں تبدیل ہوجاتی ہے،سردیوں میں اسموک ہونا معمول کی بات ہے۔

محکمہ موسمیات نے یہ بھی کہا ہے کہ ایئرپورٹ کے علاقے میں حد نگاہ 1500 میٹر ہے، جبکہ کراچی میں کل بھی دھند کے بعد اسموک رہنے کا امکان ہے۔

شہرِ قائد میں رات گئے اور بالخصوص صبح کے اوقات میں موسم سرد ہونے لگا، تاہم موسم اتنا شدید نہیں ہے کہ شہری گرم کپڑے، سوئٹر، جیکٹس یا گرم شالوں کا استعمال کریں۔