• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارجن کپور سے شادی کے سوال پر ملائیکہ نے کیا کہا؟


پچھلے کچھ ماہ سے یہ خبریں گردش کررہی ہیں بالی ووڈ اداکارہ ملائیکہ اروڑااور اداکار ارجن کپور آئندہ سال اپریل میں شادی کرنے جارہے ہیں بعد ازیہ خبر سامنے آئی کہ دونوں اداکار شادی کرنا چاہتے ہیں لیکن اس سے قبل وہ ایک دوسرے کومکمل طورپر جاننا چاہتے ہیں۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 45 سالہ ملائیکا اروڑا نے خود سے 11 سال چھوٹےاداکار ارجن کپورسے شادی اور محبت کے حوالے سے اب تک کوئی بات نہیں کی تھی، تاہم اب انہوں نے ارجن سے شادی کے سوال پر خاموشی توڑدی ہے۔

ہندوستان ٹائمز نے ملائیکہ اروڑا سے شادی کی افواہوں سے متعلق سوال کیا توانہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی بھی اپنی ذاتی زندگی سے متعلق سوالات کے جواب نہیں دیتیں، اس لیے نہیں کہ وہ شرماتی یا گھبرا جاتی ہیں۔


انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں کوئی بھی بات کرنا اچھا نہیں سمجھتیں، سب جانتے ہیں کہ ان کی زندگی میں کیا ہوا اور انہوں نے کیسا وقت گزار اور اب کیسی ہیں اور انہیں اب اس حوالے سے بات کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔

ملائیکہ اروڑا کا کہنا ہے کہ وہ اب اپنی زندگی انجوائے کررہی ہیں اور انہوں نے اپنی زندگی کو خوبصورت اور قیمتی بھی قراردے دیا۔

بالی ووڈ کی ڈانس کوئین ملائیکہ اروڑا اور غنڈے اداکار ارجن کپور کی شادی کی افواہوں نے اُس وقت جنم لیا جب دونوں کو بھارت کے معروف پروگرام ’انڈیا گوٹ ٹیلنٹ‘ میں ایک ساتھ اور ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے دیکھا گیا۔ اس پروگرام میں دونوں نے بطور مہمان جج شرکت کی تھی۔

واضح رہےکہ چند ہفتے قبل اٹلی کے شہر میلان میں ملائیکہ اروڑا اور ارجن کپور کو ایک ساتھ ہاتھ تھامے دیکھا گیا تھا، دونوں کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر بھی خوب وائرل ہوئی تھی جس کے بعد سے یہ بات پھیل گئی کہ یہ دونوں جلد شادی کرنے والے ہیں۔

ملائیکہ اور ارجن کی جانب سے ابھی تک شادی کے حوالے سے کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

تازہ ترین