• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتوں کی لاپرواہی سے کراچی لارواث شہر بنتا جا رہا ہے، رضا ہارون

پاک سرزمین پارٹی کے (پی ایس پی) کے سیکریٹری جنرل رضا ہارون نے کہا ہے کہ وفاقی ، صوبائی اور مقامی حکومت کی لاپرواہی کے نتیجے میں کراچی لارواث شہر بنتا جا رہا ہے، عام انتخابات کے بعد بظاہر کامیاب ہونے والے نمائندوں نے کراچی کے مسائل کے حل میں زبانی جمع خرچ کے علاوہ کوئی قابل ذکر کام نہیں کیا۔

ایک بیان میں سیکریٹری جنرل پی ایس پی کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے سوچی سمجھی سازش کے تحت کراچی کو مکمل تباہ و برباد کرنے کی مکمل تیاری کی جاچکی ہے۔

رضا ہارون نے مزید کہا کہ ایشیا میں اس خطے کے گیم چینجر ’سی پیک‘ جیسے منصوبے میں بھی وفاقی حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث کراچی کی تعمیر و ترقی کو نظرانداز کیاگیا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ریاست کراچی کی تعمیرو ترقی، سی پیک کے اندر کراچی کے منصوبوں اور تعلیم و صحت کے حوالہ سے فوری مناسب کارروائی کرے ۔

پی ایس پی رہنما نے کہا کہ حال ہی میں کراچی میں زائدالمیعاد اور مضرصحت اشیا کا برآمد ہونا انتہائی خوفناک بات ہے اور مبینہ طور پر اس کے نتیجہ میں دو کمسن بچوں کی ناگہانی افسوسناک موت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ شہری اور صوبائی انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام ہو چکی ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ زائدالمیعاد اشیا کا کاروبار کرنے والے انسانی جانوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں اور ایسے سفاک کاروبار کرنے والوں کے خلاف ریاست سخت سے سخت کارروائی کرے اور ساتھ ہی ان تمام افسران اور محکموں کے خلاف بھی فرائض سے غفلت برتنے پر قانونی کارروائی کی جائے جن کی بنیادی ذمہ داری مضرصحت اشیا کی خرید و فروخت کا روک تھام ہے۔

رضا ہارون نے مزید کہا کہ شہر سے ’’منتخب‘‘ کرائے گئے غائب افراد کی ڈیوٹی ہے کہ وہ کراچی کے حقوق کی ہر سطح پر آواز اٹھائیں کہ کہاں ایک جانب ملک کے مختلف علاقوں میں غیرقانونی تعمیرات و ریگولرائز کرنے اور پچاس لاکھ گھر بنا کر بے گھر افرا د کو بسانے کی بات کی جا رہی ہے تو دوسری طرف پاکستان کوارٹرز کے مکینوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کیا جارہا ہے اور وفاقی حکومت اور اس کے نمائندو ں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔

تازہ ترین