• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت علماءکرام کا اجلاس

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت علماء کرام کا اجلاس ہوا ، جس میں 12 ربیع الاوّل کے جلسے جلوس ،میلاد کی محفلوں سے متعلق ضابطہ اخلاق اور امن و امان پر بات چیت کی گئی۔


علماء کرام کے وفد میں حاجی حنیف طیب، علامہ شاہ عبدالحق قادری، علامہ عباس کمیلی، علامہ مقصود ڈومکی، مولانا یعقوب عطاری، مولانا اکبر درس سمیت 40 علماء کرام شامل تھے۔

اجلاس میں وزیر لوکل گورنمنٹ سعید غنی، وزیر ورکس ناصر شاہ، وزیر زکوٰۃ فراز ڈیرو، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، آئی جی پولیس کلیم امام، سیکریٹری داخلہ قاضی کبیر، وزیر اعلیٰ سندھ کے اسپیشل اسسٹنٹ وقار مہدی، راشد ربانی اور کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے شرکت کی۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعت سے ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس مبارک مہینے میں حضور پاک حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے اُن کو آگے بڑھایا جائے۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ عید میلا د النبی کے دو قدیم جلوس ٹاور سے آرام باغ تک اور نیو میمن مسجد سے نشتر پارک تک نکلتے ہیں، ہم نے سیکوریٹی کے بہترین انتظامات کیے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ جلوس کے راستے پر صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس وغیرہ کے لیے احکامات دے چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء نے محرم، عید میلا د النبیﷺ اور دیگر مواقع پر ہمیشہ گورنمنٹ کا ساتھ دیا ہے، آپ سب علماء نے پورا صوبے میں بین المذاہب اور فرقوں میں جس طرح ہم آہنگی پیدا کی ہے، اُس کی وجہ سے آج صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال مثالی ہے۔

تازہ ترین