• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز کمیونٹی آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کرے، تمام سہولتیں فراہم کریں گے، راجہ فاروق حیدر

لوٹن (شہزاد علی) وزیراعظم آزاد کشمیرراجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ایک ملین کے قریب کشمیری یو کے میں رہائش پذیر ہیں اور بے شمار کشمیری دنیا کے کئی دیگر ممالک میں آباد ہیں کشمیری ڈائسفرا نے بیرون دنیا مثالی ترقی کی ہے آپ کی اچیومنٹس پر یہاں برطانیہ اور دیگر اوورسیز میں بڑے مثبت انداز میں ہماری کمیونٹی کا ذکر کیا جاتا ہے جس سے ہمیں بہت مسرت ہوتی ہے جبکہ آپ لوگ آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے ذریعے بہتر رول ادا کر سکتے ہیں آپ پرائیوٹ سیکٹر کے ذریعےاور ٹورازم کے ذریعے بھی اپنا سرمایہ محفوظ طور پر وہاں لگا سکتے ہیں، حکومت آزاد کشمیر آپ اوورسیز کشمیری کمیونٹی کو ہر طرح کی سہولیات بہم پہنچانے کا اہتمام کرے گی اور آپ کے ہر طرح کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ وہ بروز پیر 12نومبر اوورسیز کمیشن آزاد کشمیر کی جانب سے لوٹن کے مقامی ریسٹورنٹ میں آزاد کشمیر میں بزنس اینڈ انوسٹمنٹ کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بہت پوٹینشل ہے۔ حکومت آزاد کشمیر نے اگلا سال ٹور ازم کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا۔ آزاد کشمیر میں بدھ مت، سکھوں اور دیگر غیر مسلموں کی تاریخی یادگار اور ورثہ بھی وزٹ کے لائق ہے۔ آزادکشمیر کے خطہ میں سیاحت کا بہت سکوپ کئی حوالوں سے ہے اس وقت زیادہ پنجاب سے سیاح آتے ہیں، دیگر علاقوں سے بھی آنے چاہئیں اور برطانیہ سے بھی آپ لوگوں کی آمدورفت بھی جاری رہنی چاہئے اور آپ لوگوں کو وہاں پر کاروبار کرنے چاہئیں اور سرمایہ کاری کی حکومتی پیشکش سے خاطر خواہ فائدہ اٹھانا چاہئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر پرامن خطہ ہے جہاں پر سیاسی استحکام ہے، جمہوریت مضبوط ہے لوگ باہم مل کر رہ رہے ہیں، وہاں پر کوئی جاگیردارانہ نظام نہیں حکومت تک عام شخص کی رسائی ہے، انہوں نے سردار خالد ابراہیم کی رحلت پر کمیونٹی سے گہرے دکھ کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ آپ اوورسیز کشمیریوں کی مٹی سے محبت ہے آپ نے اپنی محنت سے وہاں مکانات بنائے۔ وہاں پر آپ کے لئے انوسٹمنٹ کے بہت مواقع ہیں۔ انہوں نے مفصل طور پر مختلف منصوبوں اور ٹورازم سے منسلک سرگرمیوں کو واضح کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جو انڈسٹری زون بنانا چاہتے ہیں وہاں جی ٹی روڈ سامنے ہے، گیس بھی مہیا کی جائے گی۔ ماحولیات کو دیکھ کر این او سی جاری کریں گے ہر طرح کی سہولیات دینے کو تیار ہیں۔ جس سے بےروزگاری میں کمی واقع کرنےاور تعلیم کے مواقع بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ برمنگھم، بولٹن، بریڈفورڈ نارتھ میں اے جے کے بنک بنائے جائیں۔ آزاد کشمیر میں ائرپورٹ ایسا ہو جو سب کے لئے سہولت فراہم کرسکے، سرمایہ کاروں کے لئے اہم بات تحفظ کا احساس ہوتا ہے یہ علاقہ محفوظ ترین خطہ ہے اس ماحول کی تشکیل میں سب لوگوں کا کردار ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے نزدیک پہلے آزاد کشمیر کے لوگوں کے جمہوری حقوق ہیں جو آپ کو ملنے چاہئیں۔ ہم نے 13ویں ترمیم کے ذریعے بہت سے حقوق محفوظ کئے ہیں۔ اس کے لئے سخت جدوجہد کی گئی ہے اور کہا کہ جو لوگ سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہوں وہ وہاں وزٹ کریں۔ آپ ہمارے مہمان ہوں گے، انہوں نے کہا کہ وہ یورپی یونین میں جو گئے ہیں سیر سپاٹے کے لئے نہیں بلکہ مسئلہ کشمیر اجاگر کیا،انہوں نے کہا کشمیر پر ہمیں پروگراموں میں اپنے بال بچوں سمیت نکلنا ہوگا انشاءاللہ ایک دن کامیابی ہوگی انہوں نے کہا کہ بریگزٹ کے بعد برطانیہ کے نکلنے کے بعد بھی کشمیر پر حمایتی ایم ای پیز سے رابطے میں رہا جائے، ان تک کشمیر میں حقوق انسانی کی شدید خلاف ورزی کے واقعات پہنچائے جاتے رہیں، ڈائسفرا آزاد کشمیر اور پاکستان سے زیادہ کام کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کشمیر حکومت کی نمائندہ حیثیت ہو اور جن کا مسئلہ ہے ان سے پوچھا جائے کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ مظفرآباد میں ون ڈے میچ کرایا جائے تاکہ خطے کی شناخت تو ہو۔ انہوں نے کہا اوورسیز کمیشن کو فعال کرنا ہے اور آزاد کشمیر میں احتسابی عمل کو صاف ستھرا بنانا ہے جتنی کرپشن میرپور ایم ڈی اے میں ہوئی ہے اس کی مثال نہیں ملتی، اس مسئلہ سے بھی وہ نمٹیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا ہم میرٹ پر یوتھ کو نوکریاں دے رہے ہیں اور جو کچھ ہمارے اختیار میں ہے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرپور ہمارا تاج ہے میرپور کوٹلی، بھمبیر سمیت سارے آزاد کشمیر کو ترقی دینی ہے، ہمیں خوشی ہوتی ہے کہ آپ لوگ پیار سے ملتے ہیں آپ لوگ بڑھے محبت والے ہیں آپ کو گارںٹی دیتے ہیں کہ آپ کے پیسے کا تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کشمیر کے حوالے جو لوٹ مار کا بازار گرم تھا 13ویں ترمیم کے ذریعے یہ پیسہ بچایا گیا ہے وہ اب آزاد کشمیر پر خرچ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے اپنی مٹی سے محبت کو اپنی نئی نسل میں منتقل کرنا ہے۔ ان کو ضرور بتائیں کہ مقبوضہ کشمیر میں آپ کی مائوں، بہنوں اور بیٹیوں کے ساتھ کیا ظلم ہورہا ہے۔ لیڈی میئر لوٹن کونسلر نسیم ایوب نے کہا ہے کہ آج کے پروگرام کا مقصد اپنے وطن میں کاروبار کے مواقع کو پروموٹ کرنا ہے، ہمیں پاکستان بالخصوص آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں روڈ سٹرکچر انفرا اسٹرکچر کو دیکھا وہاں بزنس کے بہت موقع ہیں، لوٹن میں اکثریت آزاد کشمیر سے ہے والدین کی حوصلہ افزائی کریں گی کہ وہ اپنے بچوں کو آزاد کشمیر لے جائیں۔ اپنے حالیہ دورہ کا حوالہ دیا اور کہا کہ وہ کہیں گی کہ یہ مناسب وقت ہے کہ وہاں پر جا کر سرمایہ کاری کریں وہاں پر ری جنریشن ہورہی ہے وہاں پر ماسٹر، پی ایچ ڈی لوگ بھی موجود ہیں، صرف ملازمتوں کی ضرورت ہے اس لئے اوورسیز وہاں پر سرمایہ کاری کریں۔ ظفر قریشی نے نظامت کی اور مختلف مہمانان گرامی کو ویلکم کیا۔ چیف سیکرٹری میاں وحید نےبزنس اینڈ مواقع پریزینٹیشن پیش کی اور کہا کہ وہ خوشی محسوس کرتے ہیں کہ حکومت کے اعداد و شمار آپ کے سامنے رکھ رہے ہیں۔ بنیادی اعدادوشمار، دس اضلاع ہیں خوبصورت اور حسین علاقہ ہے، مگر انڈیا کی اشتعال انگیزی رہتی ہے، لٹریسی ریٹ 77 فیصدہے اے جے کے میں انوسٹمنٹ کے لئے ماحول اس لئے بھی سازگار ہے کیونکہ وہاں پرلاء اینڈ آرڈر کی صورت حال پاکستان کی نسبت بہت بہتر ہے، تعلیم یافتہ افراد کی شرح مقابلتاً زیادہ بہتر ہے، لوکیشن بھی بہتر ہے، انہوں نے صنعتی اسٹیٹ میرپور، بورڈ آف انوسٹمنٹ پوٹینشل سیکٹر SEZ انڈر سی پیک، ہائیڈرو پاور، ٹورازم،اسٹیبلشمنٹ آف سیمنٹ فیکٹری ، ایگریکلچر سیڈ پروڈکشن جے اینڈ کے اوورسیز کمیشن، بورڈ آف انوسٹمنٹ، انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بورڈ، سی پیک کے نیچے منصوبے بیان کئے۔ انہوں نے کہا کہ 13 ویں ترامیم کے باعث آزاد کشمیر کو مالی طور پر بااختیار بنادیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کشمیری کمیونٹی کو 5 سال کے لئے سیلز ٹیکس کی چھوٹ دی جائے گی، محفوظ ماحول، سستی اور سکلڈ لیبر فراہم ہوگی، ٹورازم کے فوائد بتاتے ہوئے کہا دس میں سے ایک جانب ٹورازم میں ہے لیکن پاکستان 133 ممالک میں 113 نمبر پر ہے یعنی بہت نیچے ہے آزاد کشمیر میں انٹرنیشنل ٹورازم صفر ہے جس کی وجہ این او سی کی رکاوٹ ہے لیکن جلد یقینی طور پر یہ رکاوٹ دور کر دی جائے گی، ڈومیسٹک ٹور ازم بہت زیادہ ہے اس میں اضافہ ہورہاہے 2010 میں 5 لاکھ تھی جبکہ اب یہ مزید کئی لاکھ کی تعداد میں ہے وجہ سیکورٹی ہے۔ ٹورسٹ آزاد کشمیر کو کیوں ترجیحی دیتے ہیں کہ وہاں پر منفرد ویلی ہے، پہاڑ دریا، ندی نالے، گلیشیئر، جھیلیں ہیں، ہمارا وژن سیاحت کو فروغ دینا ہے،42 ٹورسٹ لاجز ہیں۔ نئے ٹورسٹ جگہوں کی نشاندہی کی جارہی ہے ٹور ازم کے مختلف طریقوں، ایڈونچر ٹورازم تفریح مواقع اور تاریخی ٹورازم پر بھی کام جاری ہے، 2019 کو جو ٹورازم سال قرار دیا گیاہے یہ اہم بات ہے انہوں نے کہا کہ ٹورازم طاقت اور پیار کو لاتی ہے۔ سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کشمیریوں کو پھر آپس میں جوڑنا چاہتی ہے انہوں نے آزاد کشمیر حکومت کے صحت کے فروغ اور متعدد دیگر اہم اقدامات پر روشنی ڈالی، وزیر اعظم اور سینئر وزیر نے لوٹن کے بزرگ شہری خواجہ لطیف، لندن کے معروف رہنما چوہدری دل پذیر اور لوٹن کی سماجی شخصیت راجہ عبدل قیوم خان سمیت متعدد عمائدین کے سوالات کے خندہ پیشانی سے جوابات بھی دیئے۔ اوورسیز کمشنر آزاد کشمیر راجہ زبیر اقبال کیانی نے کہا اوورسیز کمیشن کے حوالے انہیں جو ذمہ داری دی گئی ہے اس کو نبھانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے لوٹن آمد پر وزیراعظم، چیف سیکرٹری کا شکریہ ادا کیا، سابق میئر لوٹن کونسلر چوہدری محمد ایوب ، کونسلر طاہر ملک، شفیلڈ سے بیرسٹر عابد چوہدری اور سابق لارڈ میئر راجہ قربان حسین، پیٹر برا سے چوہدری عزیز، بریڈ فورڈ سے محمد بوٹا، ایلڈرشاٹ سے سابق میئر کونسلر سلیم چوہدری، لندن سے راجہ تاج خان، نارتھ سے راجہ نجابت حسین، برمنگھم سے راجہ امجد خان، لوٹن سے ڈاکٹر سید محمود شاہ، ڈاکٹر رضوان بٹ، چوہدری نثار، حاجی فضل حسین، سمیرا شاہد راجہ، لالہ چوہدری، محمد تاج سمروڑ، راجہ افتخار کھتیاروی، مرزا توقیر جرال، راجہ اشتیاق، اظہر راجہ، راجہ توصیف کیانی، انوار ملک، سردار نفیس سرور، سردار فاروق، شاہد زمان سرہوٹوی، قاری راجہ عجائب قادری، ہائی ویکمب اور متعدد جگہوں سے کثیر تعداد میں عمائدین نے شرکت کی۔ آغاز حافظ کامران کی تلاوت سے کیا گیا۔ اس موقع پر پروگرام کے آرگنائزر چوہدری جہانگیر احمد سماہنی، راجہ افتخار خان کھتیاروی اور دیگر کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا کہ انہوں نے اوورسیز کمیشن آزاد کشمیر کی جانب سے خوبصورت کانفرنس کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا۔

تازہ ترین