• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نبی اکرمؐ کی ولادت انسانیت کیلئے امن و راحت کا پیغام تھی، علامہ عبدالعزیز چشتی

لندن(جنگ نیوز) بارہ ربیع الاول شریف کائنات کے اندھیروں کو اجالوں میں تبدیل کرنے کیلئے آئی سید الانبیاء کی ولادت کی شب اپنے اندر بے پناہ خیرو برکت اور انوار و تجلیات لے کر آئی، ہوائیں اور فضائیں معطر ہوگئیں، کائنات کے اندر بہار آگئی، ہر سو نور ہی نور بکھر گیا کیونکہ اللہ کریم کے پیارے حبیبﷺ کی ولادت با سعادت دکھی انسانیت کیلئے امن و راحت کا پیغام تھی جس شب کو قرآن نازل ہوا اسے لیلۃ القدر کہا جاتا ہے اور اس کی ایک رات کی عبادت ہزار مہینوں کی عبادت سے افضل و بہتر ہے اور جس رات کو صاحب قرآن جن کے صدقے سے قرآن ملا اور جن کے قلب منیر پر نزول قرآن ہوا ان کی ولادت والی شب کی عبادت و ریاضت یقیناً بے حد اجر و ثواب کی حامل ہے آج پوری دنیا میں عاشقان رسول جشن آمد رسولﷺ مناکر اپنے کریم آقاﷺ سے محبت و عقیدت کا اظہار کررہے ہیں اور مومنین اللہ کریم کے حضور سجدہ شکر بجا لارہے ہیں کہ اللہ نے ان پراحسان فرمایا اور ان میں عظمت والے رسول کو مبعوث فرمایا ان خیالات کا اظہار خطیب ملت علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن میں 35ویں سالانہ میلاد النبیﷺ کانفرنس کے حوالے سے منعقدہ ہونے والے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ 20 نومبر بروز منگل شام 4بجے جامعہ اسلامیہ غوثیہ23 ویسٹ بورن روڈ لوٹن میں بارہ ربیع الاول شریف کی سہانی اور پُرنور ساعتوں میں گذشتہ35سال سے قائم کی گئی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے جشن میلاد النبیﷺ منایا جائے گا جس میں برطانیہ بھر کے ممتاز علمائے کرام، مشائخ ،ثناء خواں مصطفیٰ اور عاشقان رسول شرکت کرکے اپنے کریم آقا ﷺ سے عقیدت و محبت کا اظہار کریں گے۔ کانفرنس کی صدارت مرکزی جماعت اہلسنت یو کے اینڈ اوورسیز ٹرسٹ کے بانی و سرپرست اعلیٰ علامہ ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر گیلانی کریں گے جبکہ مہمان خصوصی حضرت خواجہ پیر نصرالمحمود سجادہ نشین تونسہ شریف اور جگر گوشتہ غزالی دوراں صاحبزادہ علامہ حامد سعید کاظمی ہوں گے۔ خصوصی خطاب مفتی اسلام علامہ مفتی محمد اقبال چشتی، علامہ صاحبزادہ محمد طیب الرحمان ہزاروی، صاحبزادہ قاضی ضیاء المصطفیٰ چشتی کریں گے۔ اس موقع پر خصوصی محفل نعت کا اہتمام بھی کیا گیا ہےجس میں پاکستان کے ممتاز نعت خواں حضرات جن میں صاحبزادہ سید زہیب سعود، صاحبزادہ سید الطاف حسین کاظمی ، الحاج شہباز قمر فریدی، محمد یوسف میمن، ذوالفقارحسینی، خالد حسنین خالد، عمران رضا قادری گلہائے عقیدت پیش کرینگے۔ شیخ محمدترکی الازہری تلاوت قرآن پاک کرینگے۔ علامہ چشتی نے کہا کہ الحمدللہ ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ برطانیہ کی سرزمین پر خصوصی طور پر یوم ولادت رسول کریمﷺ پر شاندار اہتمام کرکے عاشقان رسولؐ کی ضیافت کا اہتمام کرتے ہیں جس میں زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افرادشرکت کرتے ہیں۔ اجلاس میں مولانا قاضی عبدالرشید چشتی، حافظ محمد کامران، قاری شیخ محمد ترکی الازہری، کونسلرمحمد ریاض بٹ، راجہ منشی خان قادری، محبوب خان چشتی، خلیفہ محمد محفوظ بٹ، عمران خان، محمد عرفان خان، محمود علی خان، صاحبزادہ قاضی عطاء الکبریاء ، صاحبزادہ ضیاء المصطفیٰ، صاحبزادہ سراج المرتضیٰ و دیگر نے بھی اظہار خیالات کیا۔
تازہ ترین