• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیلی فیکس میں میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں جلوس کل نکالاجائے گا

ہیلی فیکس(زاہد انورمرزا)شاہ ولایت فائونڈیشن ہیلی فیکس کے زیر اہتمام میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں جلوس زیر قیادت صدر مرکزی جماعت اہلسنت برطانیہ و یورپ پروفیسر سید احمد حسین ترمذی کل بروز جمعہ نکالا جائےگا، جلوس میں سیاسی سماجی شخصیات کے علاوہ خواتین وحضرات شرکت کریں گے۔ جلوس کے راستوں کو خوبصورت لائٹوں اور رنگین برقی قمقموں سے سجادیا گیا ہے، جلوس فرانس سٹریٹ سے شروع ہوکر اپنے روایتی راستوں کے چکر لگاتا ہوا واپس فرانس سٹریٹ پر اختتام پذیر ہوگا جب کہ میلاد کانفرنس بروز ہفتہ شام 4بجے سے رات گئے تک جاری رہے گی جس میں یورپ و پاکستان اور برطانیہ سے علماء کرام شرکت کریں۔ میلاد کانفرنس کی صدارت صدر مرکزی جماعت اہلسنت برطانیہ پروفیسر سید احمد حسین ترمذی کریں گے۔ مہمان خصوصی پیر سید منور حسین شاہ جماعتی ہوں گے، لاہور پاکستان سے مفتی مولانا محمد اقبال چشتی کے علاوہ نعت خواں حضرات پاکستان اور برطانیہ سے شرکت کریں گے۔ پروفیسر سید احمد حسین نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی جماعت اہلسنت برطانیہ اس سال میلاد ہمیشہ کی طرح پورے برطانیہ میں عظیم الشان طریقے سے منائے گی، انہوں نے کہا کہ نبی کریمﷺؐکے غلامان کو چاہئے کل ہونے والے جلوس میں شرکت کرکے محبت کا ثبوت دیں، پروفیسر ترمذی نے کہا کہ نبی کریمﷺ کا میلاد منانا ہمارے ایمان کا حصہ ہے، آپﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کرکے امت مسلمہ دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔
تازہ ترین