• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علامہ اقبالؒ نے عالم اسلام کو خواب غفلت سے جگایا، شاہجہاں مدنی

سمانچسٹر (علامہ عظیم جی) علامہ اقبالؒ نے برصغیر ہی کے مسلمانوں کو نہیں بلکہ عالم اسلام کو خواب غفلت سے جگایا، مملکت خداداد پاکستان مسلمانوں کے لئے دو قومی نظریئے کی بنیادوں پر حاصل کرکے ایسی فلاحی ریاست بنانے کا عزم کیا گیا تھا کہ یہاں ہر شخص کو عدل انصاف اور بنیادی حقوق مل سکیں گے۔ علامہ اقبال کے خواب کو قائداعظمؒ اور ان کے رفقاء نے شرمندہ تعبیر کیا لیکن پاکستان کے لوگوں کو حقوق نہ مل سکے اور ملک آئینی، قانونی اور سیاسی افراتفری کا شکار ہوگیا، اور غیرملکی قرضوں اور سازشوں کی آماجگاہ بن گیا۔ان خیالات کا اظہار سیدنا امیر حمزہ ویلفیئر سوسائٹی یوکے کے صدر استاد محمد صفدر کی طرف سے اپنے بیٹے کی شادی کے موقع پر شکرانہ اور علامہ اقبالؒ کی یاد میں نواب رائل میں منعقد کی گئی تقریب میں خطیب اہل سنت علامہ شاہجہاں مدنی نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے ایک صدی قبل مسلمانوں پر حصول علم اور اپنی خودی کو بیدار کرنے پر زور دیا تھا، علامہ اقبالؒ کے افکار پوری دنیا کے مظلوم اور پسے ہوئے طبقے کے لئے بیداری کا پیغام ہیں۔دیگر مقررین نے کہا کہ اب نوجوان نسل سے امیدیں وابستہ ہیں کہ وہ مقاصد پاکستان اور حضرت قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے افکار کو اپنا کر ملک میں حقیقی جمہوریت، عدل و انصاف اور مساوات کو پروان چڑھائیں  گے۔ استاد محمد صفدر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز اپنے وطن پاکستان کو دنیا کا خوشحال ملک دیکھنا چاہتے ہیں انہوں نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں پاکستان سے آئے ہوئے نعت خواں محمد شہباز قمر فریدی نے علامہ اقبال کا کلام پیش کیا۔ اس موقع پر بزنس مین ملک امتیاز احمد نے کہا کہ بیرون ملک رہنے والے لوگ اپنے وطن کو کاروباری اور معاشی طور پر مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی کو اپنی نئی نسل کو علامہ اقبالؒ کے افکار سے آگاہی اور حب الوطنی بیدار کرنے کے لئے کوششیں کرنی چاہئیں تاکہ ہماری آئندہ نسل اپنی قوم ملک و ملت سے مربوط رہے۔ کمیونٹی رابطہ سیکرٹری چوہدری محمد اعجاز ملہی نے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کو باہم متحد ہوکر پاکستان کو درپیش پانی کی کمی کے مسئلے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے اور ڈیم کی تعمیر کے سلسلے میں بھرپور تعاون کرنا چاہئے۔ حافظ انوار زاہدی نے کہا کہ نئی نسل کو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع اور اسوۂ حسنہ پر چلنے کی عملی تربیت دینی چاہئے۔ اس موقع پر عابد محمود، افتخار حسین، خالد انور، شہزاد احمد، قیصر گجر، علی اکبر، راشد محمود، محمد عدیل، محمد نواز، عبدالقیوم، محمد عدیل، محمد نواز، فضل گجر، راجہ سیف، شہباز احمد نے پاکستانی کمیونٹی سے باہمی رابطے رکھنے پر زور دیا۔ اس موقع پر استحکام پاکستان، کشمیر، فلسطین کی آزادی کے لئے دعا کی گئی۔
تازہ ترین