• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافی نصر اللہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ، احتجاج جاری

کراچی / اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر / نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے رکن کراچی پریس کلب و سینئر صحافی نصر اللہ چوہدری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جبکہ حراست کیخلاف کئی شہروں میں احتجاج جاری رہا ، کراچی میں احتجاجی کیمپ سے کئی اہم رہنماؤں نے خطاب کیا جبکہ راولپنڈی ، حیدرآباد ، سکھر اور سوات میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس( آر آئی یو جے) کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ نوٹس نہ لیا گیا تو ملک گیر احتجاج کریں گے ۔ کراچی کے احتجاجی کیمپ سے خطاب میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی پریس کلب کا تقدس ہر چیز پر مقدم ہے اور اس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت کے روبرو سی ٹی ڈی حکام نے رکن کراچی پریس کلب و سینئر صحافی نصر اللہ چوہدری کو پیش کیا۔ سی ٹی ڈی حکام نے سینئر صحافی کو ہتھکڑی لگا کر اور چہرے پر کپڑا ڈال کر پیش کیا جس پر صحافیوں نے شدید احتجاج کیا۔ سماعت کے موقع پر صدر کراچی پریس کلب احمد ملک بھی موجود تھے۔تفتیشی افسر کے کہنے پر کہ مزید تفتیش درکار نہیں عدالت نے سینئر صحافی کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے تفتیشی افسرکو حکم دیاکہ 5؍ روز میں چالان پیش کیا جائے۔ سماعت کے بعد سینئر صحافی نصراللہ کے چہرے پر کپڑا ڈالنے پر صحافیوں نے شدید احتجاج کیا اورسی ٹی ڈی افسران سے سوال کیاکہ کیا راؤ انوار کو بھی اسی طرح پیش کیا جاتا ہے؟ تفتیشی افسر نے اظہار بے بسی کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کپڑا کس نے اور کیوں ڈالا۔ دوسری جانب کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت 8 میں سینئر صحافی نصر اللہ چوہدری کی بی کلاس کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے درخواست پر پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کردیئے۔

تازہ ترین