• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے 6 مزدور جھلس کر جاں بحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لانڈھی میں قائم نجی فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے 7ملازمین جھلس کر شدید زخمی ہو گئے تاہم 6افراد نے رات گئے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے دم توڑ دیا ،تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹائون تھانے کی حدو لانڈھی منزل پمپ کے قریب واقع نجی فیکٹری میں کام کے دوران بوائلر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کی آواز سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ اس کے قریب کام کرنے والے افراد گرم پانی اور کیمیکل گرنے سے جھلس بھی گئے ،واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر7افراد کو شدید زخمی حالت میں سول اسپتال کے برنس وارڈ میں منتقل کردیا ،پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں زخمیوں کی شناخت فہیم ،عمران،سلیم،شاہ زمان،خالد ،عنایت اور عامر کے نام سے کی گئی ،پولیس نے مزید بتایا کہ تمام زخمی افراد کی عمریں 30سے 45سال کے درمیان ہیں ،دوسری جانب برنس وارڈ کے ڈاکٹر نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ واقعے میں جھلس کر زخمی ہونے والے 7 افراد کو برنس وارڈ لایا گیا ، 6 افراد 100فیصد جھلسے ہوئے ہیں جن کو انتہائی تشویشناک حالت میں شعبہ انتہائی نگہداشت میں منتقل کیا گیا تاہم رات گئے برنس وارڈ میں 6شدید زخمیوں نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے دم توڑ دیا ،فہیم نامی ملازم کی حالت بھی انتہائی تشویشناک ہے جس کو طبی امداد دی جارہی ہے ،ایم ایل او کے مطابق پولیس اور متوفی افراد کے اہلخانہ اسپتال میں موجود ہے ۔

تازہ ترین