• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب بنا کر عمران خان نے بڑا رسک لیا،تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا ہے کہ عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب بنا کر عمران خان نے بڑا رسک لیا ہے، وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفز ئی نے کہا کہ طاہر یوسف زئی بہادر آفیسر تھے انہیں اپنے کئی کارناموں کی وجہ سے جان کو خطرہ تھا، پولیس ایس پی طاہر داوڑکو بازیاب کروانے کیلئے آخری وقت تک کوشش کرتی رہی لیکن ان کا سراغ نہیں مل سکا، افغان حکومت نے تصدیق کی ہے کہ ایس پی طاہر داوڑ کی لاش ان کے پاس ہے جو جمعرات تک پاکستان کے حوالے کردی جائے گی، دی نیوز کے صحافی وسیم عباسی نے کہا کہ جے آئی ٹی نے تمام سوالات کو شواہد کے ساتھ اعظم سواتی کے سامنے رکھا ہے، سپریم کورٹ کی اگلی سماعت میں جے آئی ٹی رپورٹ اعظم سواتی کیلئے خوش آ ٓئند نہیں ہوگی۔سینئر تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کیلئے پرویز الٰہی سمیت کئی امیدوار ہیں، چوہدری سرور نے وفاقی وزارت چھوڑ کر بظاہر گورنر کا علامتی عہدہ قبول کیا،اس کے علاوہ سینئر وزیر علیم خان بھی موجود ہیں، عثمان بزدار کو وزیراعظم عمران خان کی سوفیصد حمایت حاصل ہے، عمران خان کو پنجاب میں تابعدار اور ناتجربہ کار وزیراعلیٰ ملا ہوا ہے جسے چلانے میں انہیں مشکل پیش نہیں آئے گی، عارف نظامی کا کہنا تھا کہ میں نے پرویز الٰہی سے لیک ویڈیو سے متعلق پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ ان کے ایک فوٹو گرافر ہیں مجھے پتا نہیں لگا کہ انہوں نے مووی بنالی ہے، پرویزالٰہی کے اپنے عزائم ہوسکتے ہیں لیکن بارہ ارکان کے ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب بننا ان کیلئے بہت مشکل ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے معاملات میں مداخلت ضرور ہورہی ہے، چوہدری سرور پہلے بھی گورنر پنجاب اس لئے بنے تھے کہ مداخلت کریں اب بھی وہ چاہتے ہیں کہ بعض معاملات ان کے ہاتھ میں ہوں لیکن ان کو مایوسی ہوگی۔ عارف نظامی نے کہا کہ عثمان بزردار کم گو اور مرنجا مرنج آدمی ہیں جو پی ٹی آئی کی سخت اور کڑوی باتوں کی روایت سے دور رہتے ہیں، عثمان بزدار کو ناظم کی سیاست سے قومی سطح پر لاکر وزیراعلیٰ پنجاب بنادیا گیا ہے جو ان کیلئے ڈرا بیک ہے جو باقی لوگوں کی طاقت بن جاتا ہے، شہباز شریف جیسے مضبوط وزیراعلیٰ کے بعد عثمان بزدار جیسے شریف آدمی کے وزیراعلیٰ بننے سے بڑا تضاد پیدا ہوگیا ہے، پنجاب میں بڑھکیں لگانے والا وزیراعلیٰ ہی کامیاب رہتا ہے، پرویز الٰہی بھی جب وزیراعلیٰ پنجاب تھے تو کافی مضبوط تھے ان کی کارکردگی بھی بہت اچھی تھی، عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب بنا کر عمران خان نے بڑا رسک لیا ہے، عثمان بزدار ڈیلیور نہیں کرپائے تو پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو نقصان ہوسکتا ہے، عمران خان کے کرکٹ کی مثالیں پبلک سیاست میں مستعمل کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفز ئی نے کہا کہ طاہر یوسف زئی بہادر آفیسر تھے انہیں اپنے کئی کارناموں کی وجہ سے جان کو خطرہ تھا، پولیس ایس پی طاہر داوڑکو بازیاب کروانے کیلئے آخری وقت تک کوشش کرتی رہی لیکن ان کا سراغ نہیں مل سکا، افغان حکومت نے تصدیق کی ہے کہ ایس پی طاہر داوڑ کی لاش ان کے پاس ہے جو جمعرات تک پاکستان کے حوالے کردی جائے گی، طاہر داوڑ کے ورثاء کو پوری طرح مطمئن کریں گے اور تحقیقات سے باخبر رکھیں گے، خیبرپختونخوا پولیس نے ملک کیلئے ہمیشہ اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں، طاہر داوڑ نے تمام تر خطرات کے باوجود کبھی سیکیورٹی پر انحصار نہیں کیا۔دی نیوز کے صحافی وسیم عباسی نے کہا کہ اعظم سواتی کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، اعظم سواتی کی طرف سے تجاوزات ثابت شدہ حقیقت بن چکی ہے، اس کے علاوہ بھی اعظم سواتی سے جڑے بہت سے مسائل سامنے آئے ہیں، جے آئی ٹی نے اعظم سواتی کی ٹریول ہسٹری اور ٹیکس تفصیلات بھی دیکھی ہیں، اعظم سواتی کے الیکشن کمیشن میں جمع دستاویزات کے مطابق انہوں نے 2015-16ء میں صرف ایک لاکھ 23ہزار روپے ٹیکس دیا جبکہ انہوں نے گزشتہ دس برسوں میں 170دفعہ پاکستان سے فلائی کیا یعنی ہر سال وہ تقریباً 18دفعہ ملک سے باہر جاتے رہے، ان کی فلائی کرنے کی تفصیلات دیکھیں تو وہ انتہائی امیرا ٓدمی ہیں کیا انہوں نے اتنا ٹیکس دیا یا نہیں دیا، جے آئی ٹی نے تمام سوالات کو شواہد کے ساتھ اعظم سواتی کے سامنے رکھا ہے، سپریم کورٹ کی اگلی سماعت میں جے آئی ٹی رپورٹ اعظم سواتی کیلئے خوش آ ٓئند نہیں ہوگی۔

تازہ ترین