• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے غریب ویلڈر کو امارات میں جائیداد رکھنے پر نوٹس مل گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جعلی اور بے نامی اکاوئنٹس کے بعد بیرون ملک بے نامی جائیدادوں کا بھی انکشاف ہوا ہے ،کراچی میں چھوٹے سے مکان میں رہنے والے ویلڈر کومتحدہ عرب امارات میں جائیداد رکھنے کا نوٹس موصول ہوگیا ویلڈر عمران کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ نہیں بنایا،کبھی بیرون ملک جانے کا نہیں سوچا تو جائیداد کیسے خرید لی ۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس نمبر02/18میں دبئی اور متحدہ عرب امارات میں جائیداد بنانے والوں سے پوچھ گچھ کے لئے ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کو ٹاسک سونپا گیا ہے جس میں ایف آئی اے کے افسران ایمنسٹی اسکیم کے بعد بیرون ملک جائیداد حاصل کرنے والے افراد سے مختلف سوالات پر مبنی حلف نامہ وصول کر رہے ہیں ۔اس حوالے سے ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر رابعہ قریشی نے مکان نمبر 34پیلو کمپاونڈ کاکا اسٹریٹ نشتر روڈ کے رہائشی محمد عمران ولد محمد حسین کو بھی نوٹس ارسال کیا جس میں ان سے متحدہ عرب امارات میں جائیداد سے متعلق پوچھ گچھ کے لئے انہیں 20نومبر کو دوپہر3بجے ایف آئی اے کے دفتر میں طلب کیا گیا ہے ۔ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ جس مکان میں محمد عمران تو60گز کے مکان میں رہائش پذیر ہے اورعلاقے میں ہی ویلڈنگ کا کام کرتا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ جعلی اور بے نامی اکاوئنٹس کے بعد اس طرح بیرون ملک جائیداد کے حوالے سے بھی یہ نوٹس ہے جو ایسے فرد کو موصول ہوا ہے جس کا کہنا ہے کہ اس نے آج تک پاسپورٹ بھی نہیں بنایا ہے ۔ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تحقیقات کریں گے اور عمران سے ایک حلف نامہ حاصل کیا جائے گا جس میں ان سے مکمل معلومات لینے کے بعد اس کی رپورٹ سپریم کورٹ کو ارسال کی جائے گی،ذرائع کا کہنا ہے کہ مذید بے نامی جائیدادوں کا امکان ہے۔دوسری جانب ویلڈر محمد عمران کا کہنا ہے کہ نوٹس ملنے پروہ اوراہل خانہ سخت پریشانی کاشکارہوگئے ہیں ، میں نہ توکبھی دبئی گیانہ میری ملک سے باہرجائیدادہے۔انہوں نے کہا کہ صبح ایف آئی اے کے کچھ لوگ آئے تھے اور مجھے نوٹس تھما دیا کہ تمہاری جائیداد ہے دبئی میں آکر دفتر میں جواب دے دو جس پر میری والدہ کی طبیعت بھی خراب ہوگئی ہے۔
تازہ ترین