کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں سمندری ہوائیں رکنے کے بعد فضا میں دھواں چھا گیا ہے اور بدھ کی صبح سے چھائی ہوئی دھند بعدازاں اسموگ (آلودہ دھند) میں تبدیل ہوگئی جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور ٹریفک بھی متاثر ہوا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 3 دن سے سمندری ہوائیں نہ چلنے اور ہوا میں نمی کا زائد تناسب اسموگ کا باعث بن رہا ہے اور آئندہ دو روز تک شہر میں اسموگ رہے گی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہری گھر میں داخل ہونے کے بعد آنکھوں کو پانی سے دھوئیں۔ دوسری جانب ماحولیاتی آلودگی ناپنے والے انڈیکس نے کراچی کی فضا میں پائے جانے والی آلودگی کو خطرناک قرار دیا ہے۔