• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈھڈوچہ ڈیم معاملہ پنجاب کابینہ کوبھیجنے کا حکم، سیکرٹری آبپاشی کو توہین عدالت کا نوٹس

اسلام آباد (ایجنسیاں)سپریم کورٹ نے ڈھڈوچہ ڈیم تعمیر سے متعلق معاملہ صوبائی کابینہ کو بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے سیکرٹری آبپاشی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا، بدھ کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی تو چیف جسٹس نے سیکرٹری آبپاشی کی سرزنش کی اور ان سے استفسار کیا آپ نے عدالتی حکم کی تعمیل نہیں کی اور ڈیم تعمیر سے متعلق خود ہی فیصلہ کرلیا، صوبائی کابینہ کو معاملہ کیوں نہیں بھیجا گیا اور خود سے یہ فیصلہ کیسے کرلیا ؟،عدالت عظمیٰ نے عدالتی حکم نہ ماننے پر سیکرٹری آبپاشی کو توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری کردیا ، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے اگر پنجاب حکومت خود ہی ڈیم تعمیر کرنا چاہتی ہے تو اسکے بارے میں عدالت عظمیٰ کو آگاہ کیا جائے، ڈیم بنانے سے متعلق بحریہ ٹاؤن اور ڈی ایچ اے کی پارٹنرشپ کی پیشکش کو کیوں ٹھکرا دیا جس پر سیکرٹری آبپاشی نے جواب دیا ہم نے انکار نہیں کیا بلکہ ایک کمیٹی بنائی تھی جس نے پیشکش کو مسترد کیا،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے عدالتی حکم آنے کے باوجود کمیٹی تشکیل دینے والے آپ کون ہوتے ہیں جس پر سیکرٹری آبپاشی نے جواب دیا عدالت کے حکم پر کابینہ سے منظوری لینے کا معاملہ میرے علم میں نہیں، اسوقت شاید دوسرے سیکرٹری عدالت میں پیش ہوئے تھے، نجی ٹی وی کے مطابق عدالت نے پنجاب حکومت کو کابینہ کے آئندہ اجلاس میں ڈیم تعمیر کا حتمی فیصلہ کرنے کیلئے 3 ہفتے کی مہلت دیدی،سپریم کورٹ نے ریمارکس دئیے کابینہ فیصلے سے آگاہ کرے کہ ڈیم بحریہ ٹاؤن کیساتھ ملکر بنانا ہے یا خود ، عدالت نے بحریہ ٹاؤن اور ڈی ایچ اے کی پیشکش سے متعلق تجویز کا جائزہ لینے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
تازہ ترین