• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج ناصر باغ سے فیصل چوک تک تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ ہوگا

 لاہور (نمائندہ جنگ) متحدہ مجلس عمل کے زیراہتمام آج مال روڈ پر لاہور میں تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ ہوگا جودن 11 بجے ناصر باغ سے شروع ہو کر شام 4 بجےفیصل چوک پر اختتام پذیر ہوگا۔ متحدہ مجلس عمل کے امیر مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں مرکزی قائدین سمیت مذہبی ،سیاسی اور سماجی رہنما مارچ میں شرکت کریں گے۔مولانا فضل الرحمٰن سمیت دیگر قائدین ریگل اور فیصل چوک کے درمیان شرکاء سے خطاب کریں گے۔تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ لاہور کی مختلف سڑکوں کو خوبصورت بینروں سے سجادیا گیا اور مختلف علاقوں میں استقبالیہ کیمپ بھی لگا دیے گئے ہیں۔سراج الحق کی سوڈان کے دورے پر جبکہ لیاقت بلوچ عمرہ کی سعودی عرب روانگی کے باعث قائم مقام امیر حافظ ادریس اور ڈاکٹر فریداحمد پراچہ ملین مارچ میں جماعت اسلامی کی نمائندگی کریں گے۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا اللہ وسایا، مولانا محمداسماعیل شجاع آبادی، جے یو آئی کے مرکزی رہنما مولانا محمدامجد خان، جماعت اسلامی کے میاں مقصوداحمد، و دیگر نے انتظامی کمیٹیوں کے بریفنگ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملین مارچ ناموس رسالت کے خلاف ہونے والی سازشوں کے خاتمے کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا، مطالبات پورے ہونے تک تحریک تحفظ ناموس رسالت جاری رہے گی۔ادھر محکمہ داخلہ پنجاب نے مال روڈ پر واقع نجی اور سرکاری سکولوں کو آج بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ مال روڈ پر ہونے والے متوقع جلسہ کے باعث کیا گیا ہے۔
تازہ ترین