• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں پانی چوری کے 25ہزار 709واقعات ،1947 مقدمات درج

لاہور (آصف محمود سے) محکمہ آبپاشی کی ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ محکمہ کی طرف سے پنجاب کے 9زونز میں پانی چوری کے جرم میں 54ہزار 358 افراد کے خلاف 25ہزار 709واقعات پولیس کورپورٹ کئے گئے لیکن پولیس نے صرف 1947 مقدمات درج کر کے 36افراد کو گرفتار کیا۔ ’’جنگ‘‘ کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق محکمہ آبپاشی نے 2018ء کے دوران خریف کی فصل پر پانی چوری پر پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 430کے تحت بہاولپور زون میں 19ہزار 76کیسز پولیس کو رپورٹ کیے جس میں 27ہزار 17افراد کے خلاف کارروائی کا کہا جس پر پولیس نے 1778کیس درج کر کے صرف 25افراد کو گرفتار کیا۔ ڈیرہ غازی خان زون میں 2334کیسز رپورٹ کئے گئے جن میں 16ہزار 212افراد کے خلاف کارروائی کا کہا گیا لیکن پولیس نے صرف 122کیس رجسٹر کرکے 11افراد کو گرفتار کیا۔ فیصل آباد زون میں 190کیسز رپورٹ ہوئے، 505پانی چوروں کے خلاف کارروائی کا کہا گیا پولیس نے 34کیسز رجسٹر کئے اور کسی کو گرفتار نہیں کیا۔ لاہور زون میں پولیس کی پانی چوروں کے خلاف کارروائی صفر رہی۔ محکمہ آبپاشی نے پانی چوری کے 1016کیس رپورٹ کئے جس میں 1788افراد کے خلاف کارروائی کا کہا گیا لیکن لاہور پولیس کی طرف سے نہ تو کوئی کیس رجسٹر ہوا اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی۔ لوئر باری دوآبہ کینال امپروومنٹ پراجیکٹ میں پانی چوری کے 310کیسز رپورٹ کئے گئے اور 5ہزار 747افراد کے خلاف کارروائی کا کہا گیا لیکن نہ پولیس نے کوئی کیس رجسٹر کیا اور نہ ہی کوئی گرفتاری ہوئی۔ ملتان زون میں پانی چوری کے 2109کیس رپورٹ کئے جس میں 2164افراد کے خلاف کارروائی کا کہا گیا جس پر کوئی کیس رجسٹر نہیں کیا گیا۔اسی طرح سرگودھا زون میں 594کیس رپورٹ کئے گئے اور 925افراد کے خلاف کارروائی کا کہا گیا، پولیس نے 13افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا لیکن کوئی ملزم گرفتار نہیں کیا۔
تازہ ترین