• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کے دو حلقوں میں دوبارہ پولنگ جاری

بلوچستان کے ضلع دُکی میں این اے 258 کے 23 پولنگ اسٹیشن اور حلقہ پی بی 5 دکی کے تمام 75 پولنگ اسٹیشن پر آج انتخابات ہو رہے ہیں، پولنگ کاآغاز ہو چکا ہے،جو شام 5بجے تک جاری رہے گی۔

بلوچستان اسمبلی کے حلقے پی بی 5 دکی کے مکمل اور قومی اسمبلی کے حلقے این اے 258 کے 23پولنگ اسٹیشنوں پر ضمنی انتخابات آج ہو رہے ہیں۔

حکومت بلوچستان نے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں ضلع دکی میں عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔

پی بی 5دکی میں ضمنی انتخاب کے لیے 75پولنگ اسٹیشنز اور این اے 258میں 23پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کےمطابق پی بی 5اوراین اے258 کے تمام پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، یہاں کل ووٹر زکی تعداد 52 ہزار 579ہے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 30 ہزار 34 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 22 ہزار 545 ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے پی بی 5دکی اور این اے 258لورالائی میں ضمنی انتخاب کے لیے سیکیورٹی انتظامات کوحتمی شکل دے دی ہے، 2ہزار سے زائد پولیس اور دیگر سیکیورٹی اہلکار فرائض سر انجام دیں گے، جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

عام انتخابات کے دوران پی بی 5دُکی سے آزاد امیدوار مسعود لونی کامیاب ہوئے تھے جو بعد میں بلوچستان عوامی پارٹی میں شامل ہو گئے تھے۔

اس حلقے میں نون لیگ کے امیدوار دُر محمد ناصر نے دھاندلی کا الزام عائد کیا تھا جبکہ این اے 258 سے آزاد امیدوار سردار اسرار ترین کی کامیابی کو جمعیت علمائے اسلام ف کے امیدوار مولوی امیر زمان نے چیلنج کرتے ہوئے صرف 23 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج پر اعتراض کیا تھا۔

جس پر الیکشن کمیشن نے پی بی 5دُکی کے انتخاب کو مکمل اور این اے 258 کے 23 پولنگ اسٹیشنوں پر انتخاب کو کالعدم قرار دے کر یہاں دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ این اے 258 میں 23 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج پورے حلقے کے نتائج کو تبدیل کرسکتے ہیں کیونکہ عام انتخابات میں کامیاب امیدوار سردار اسرار ترین اور جمعیت علمائے اسلام ف کے امیدوار مولوی امیر زمان کے ملنے والے ووٹوں کی تعداد میں صرف 4ہزار ووٹ کا ہی فرق تھا۔

سردار اسرار ترین نے 42 ہزار اور مولوی امیر زمان نے 38 ہزار ووٹ حاصل کیے تھے۔

تازہ ترین