• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: فائرنگ سے 1 شخص جاں بحق، 1 زخمی، دو افراد گرفتار

کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، جبکہ دو علاقوں سے منشیات فروش اور اسمگلر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

کراچی کے علاقے مومن آباد میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا، مقتول کی شناخت 35 سالہ ابراہیم کے نام سے ہوئی ہے جس کی لاش اسپتال منتقل کی گئی۔

میمن گوٹھ میں لنک روڈ پر 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان نے شہری کو لوٹنے کی کوشش کی جس پر شہری نے مزاحمت کی تو ملزمان نے اس فائرنگ کر دی، جس سے شہری زخمی ہوگیا ۔

ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد اپنی موٹر سائیکل اور اسلحہ چھوڑ کر فرار ہو گئے جنہیں پولیس نے موقع پر پہنچ کر اپنی تحویل میں لے لیا۔

کراچی کے علاقے گلشن معمار سے پولیس نے منشیات کے اسمگلر کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق انہیں اطلاع ملی تھی کہ منشیات کا اسمگلر بھاری منشیات کے ساتھ گلشن معمار میں موجود ہے جس پر انہوں نے کارروائی کی اور منشیات فروش بخشل خان کو 26 کلو چرس سمیت گرفتار کر لیا، ملزم سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

کراچی کے علاقے کیماڑی میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران ایک منشیات فروش کو گرفتار کر لیا۔

کیماڑی کے علاقےکچھی پاڑہ، بھٹہ ولیج روڈ اور مسان چوک میں کیے گئے آپریشن کے دوران پولیس اور رینجرز نے علاقے کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی لی جس کے دوران متعدد مشتبہ افراد کے شناختی کوائف کی جانچ پڑتال کی گئی۔

سرچنگ کے دوران ہی ایک منشیات فروش کو ایک کلو چرس سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔

تازہ ترین