• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال:۔ باجماعت نماز میں شامل ہونے کا صحیح طریقہ کیا ہے،ہم نے بقیہ رکعات کیسے پڑھنی ہیں؟ میں نے دو علماء سے پوچھا ہے انہوں نے علیحدہ علیحدہ بتایا ہے۔ براہِ کرم رہنمائی فرمائیں۔ (ڈاکٹر احمد، اسلام آباد)

جواب:۔ اگر امام کے ساتھ ہی جماعت کی نماز شروع کی ہو تو تکبیر تحریمہ کہہ کر ہاتھ باندھےاور ثنا پڑھ کر خاموش ہوجائے۔ اگر ایسے وقت میں امام کے ساتھ شامل ہوکہ امام نماز شروع کرچکاہو تو امام کو جس حالت میں پائے تو قیام کی حالت میں تکبیر تحریمہ کہہ کر امام کے ساتھ شامل ہوجائے ، اور اگر امام جہرا ًقرأت کررہا ہوتو ثنا نہ پڑھے ، بعض لوگ جماعت شروع ہونے کے بعد مسجد دیر سے پہنچتے ہیں، اور امام کو سجدہ یا قعدہ میں پاکر اس کے کھڑے ہونے کا انتظار کرتے ہیں کہ جب امام کھڑا ہوگا تو جماعت میں شریک ہوں گے، یہ طریقہ درست نہیں ہے، بلکہ امام کو جس حال میں بھی پائے، تکبیرِ تحریمہ کہہ کر اسی حال میں شریک ہوجانا چاہیے، اسی طرح بعض لوگ امام کو رکوع میں پاکرتیز دوڑ پڑتے ہیں، اور عجلت کی وجہ سے جھکتے ہوئے تکبیر تحریمہ کہہ کر رکوع میں شریک ہوجاتے ہیں ۔اس میں خرابی یہ ہے کہ ایک تو دوڑنا مناسب نہیں، سکون اور وقار سے چلنا ضروری ہے ،دوسرے ان لوگوں کی تکبیر تحریمہ صحیح نہ ہونے کی وجہ سے نماز بھی نہیں ہوتی، کیوں کہ تکبیر تحریمہ کھڑے ہوکر کہنا فرض ہے ۔

باقی امام کی نماز مکمل ہونے کے بعد مسبوقین (جن کی کوئی رکعت امام کے ساتھ ادا کرنے سے رہ گئی ہو) اپنی بقیہ نماز اس طرح مکمل کریں گے کہ وہ دونوں سلام کے بعد کھڑے ہوکر پہلے ثنا ء، پھر سورۂ فاتحہ، فاتحہ کے بعد کوئی سورت پڑھ کر رکوع کریں گے، پس اگر ایک رکعت رہ گئی تھی تو ایک رکعت کے بعد سلام پھیر دیا جائے اور اگر دو رہ گئی ہوں تو امام کے دونوں سلام کے بعد مسبوقین اپنی دونوں رکعات میں سورۂ فاتحہ کے بعد کوئی سورت بھی پڑھیں گے اور اگر تین رکعات رہ گئی ہوں تو پہلی دو رکعات میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورت بھی پڑھیں گے ،جب کہ تیسری رکعت میں صرف سورۂ فاتحہ پڑھیں گے۔

یہ حکم تو تلاوت کے اعتبار سے تھا، قعدہ (تشہد میں بیٹھنے) سے متعلق حکم یہ ہے کہ تین رکعات رہ جانے کی صورت میں ایک رکعت ادا کرنے کے بعد قعدہ کرنا بھی واجب ہوگا اور مغرب کی نماز میں اگر دو رکعات رہ گئی ہوں تو ایک رکعت کے بعد قعدہ کرنا ہوگا؛ کیوں کہ مسبوق کی یہ دوسری رکعت ہوگی۔

تازہ ترین