• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد چوہدری کو مشورہ دیتا رہتا ہوں ، صدر مملکت

صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ وہ فواد چوہدری کو مشورہ دیتے رہتے ہیں، پی ٹی آئی حکومت میں ہے لہذاتحریک انصاف کو کوشش کرنی چاہئے کہ حکومت چلے۔

جیونیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تعاون نہ ہونے کی وجہ کرپشن کے کیسز ہیں، کرپشن کیسز میں مک مکا کی کیفیت نہیں ہونی چاہئے۔

عدالت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت استثنیٰ ملنے سے متعلق سوال پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ عدالت نے انہیں استثنیٰ نہیں دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالت میں میرے وکیل نے کہا کہ صدر صاحب چاہتے ہیں کہ ان کے کیس کی پیروی کی جائے لیکن جج صاحب نے کہا کہ ’میں آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت مجبور ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ مجھے عدالت کی جانب سے استثنیٰ ملے۔

وی آئی پی پروٹوکول سے متعلق سوال پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پیچھے دیکھتا رہتا ہوں لیکن کچھ نظر نہیں آتا، ٹی وی چینلز کے ذریعے بعد میں پتا چلتا ہے کہ اچھا یہ بھی ہو گیا ہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ اپنے اسٹاف کو ہدایت دے رکھی ہے کہ کوشش کی جائے عوام کو دو منٹ سے زیادہ پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسٹاف کہتا ہے کہ ہم نے ہدایت کر دی ہے لیکن صوبے کی انتظامیہ ہماری بات نہیں مانتی۔

تازہ ترین