• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب سے سینیٹ کی دونوں نشستیں تحریک انصاف نے جیت لیں،ن لیگ کے ووٹوں میں اضافہ، سینیٹ میں پی ٹی آئی کی 2 نشستیں بڑھ گئیں، ن لیگ کی کم ہوگئیں

لاہور (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف نے اپنی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے تعاون سے مسلم لیگ (ن) کے ہارون اختر اور سعدیہ عباسی کی خالی دونوں نشستیں جیت کر میدان مار لیا ہے۔ پی ٹی آئی کے ولید اقبال اور سیمی ایزدی کے سینیٹر منتخب ہونے سے ایوان بالا میں حکمراں جماعت کی 2 نشستیں بڑھ گئیں جبکہ ن لیگ کی2 نشستیں کم ہوگئیں ۔ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو اپنی پارٹی کے 166اراکین کے علاوہ پیپلز پارٹی کے 7 اور ایک آزاد رکن کی حمایت حاصل تھی اس طرح مسلم لیگ (ن) اور اس کے اتحادیوں کے ووٹرز کی کل تعداد 174 ہے جبکہ حکمران جماعت کے 179 اراکین کے علاوہ مسلم لیگ (ق) کے 10، 2 آزاداور راہ حق پارٹی کے 1 ووٹ سے پی ٹی آئی کو 192 اراکین کی حمایت حاسل تھی لیکن 192 ووٹوں کے بجائے ولید اقبال کو 184 اور سیمی ایزدی کو 183 ووٹ ملے جبکہ ن لیگ کے امیدواروں سعود مجید کو 175 کے بجائے 176یعنی ایک ووٹ زیادہ ملا اور سیمی زیدی کو برابر 175 ووٹ ملے جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ن لیگ نے سینیٹ الیکشن میں اپنی پارٹی اراکین کے تمام ووٹ لے کر اپنی گرفت برقرار رکھی ہے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار ولید اقبال اور سیمی زیدی کوبالترتیب8 اور9ووٹ کم ملے۔ انتخابی نتائج کے مطابق سینیٹ الیکشن میں مسترد ہونے والے 9 ووٹ تحریک انصاف کے تھے۔ تحریک انصاف کے 9اراکین نے پارٹی امیدواروں کو ووٹ دینے کی بجائے اپنے ووٹ مسترد کرکے پارٹی قیادت کو جو پیغام دیا ہے وہ ایک لمحہ فکریہ ہے۔

تازہ ترین