• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر خان اور فرخ سبزواری کو ایس ای سی پی میں کمشنر تعینات کرنے کی منظوری

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی کابینہ نے سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان میں دو نئے کمشنروں کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہےجس کے بعد ایس ای سی پی میں کمشنروں کے تعداد مکمل ہو گئی ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق ایس ای سی پی میں کمشنروں کی تعیناتی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور ایس ای سی پی کے سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر عامر خان اور کپیٹل مارکیٹ کا تجربہ رکھنے والے فرخ سبز واری کو کمشنر تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے ، عامر خان ایس ای سی پی میں چھ سال سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہیں۔ عامر خان گزشتہ تیس سال سے کارپوریٹ سیکٹر سے وابستہ ہیں اور انہیں بینکنگ، سرویلنس اور ریگولیشنز میں بیس سال کا تجربہ ہے، عامر خان سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک، رائل بینک آف کینیڈا، امریکن ایکسپریس بینک میں کام کر چکے ہیں۔ عامر خان نے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کیا ہے جبکہ برطانیہ سے بین الاقوامی بینکنگ میں ایم ایس ای کر رکھی ہے،فرخ سبز واری کپیٹل مارکیٹ کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ فرخ سبز واری بی ایم اے کپیٹل میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے پر فائز ہیں اور سیکورٹیز مارکیٹ کا پچیس سال کا تجربہ رکھتے ہیں۔ فرخ سبزاری نے آئی بی اے سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کیا ہے اور امریکہ، سنگاپور اور انڈونیشا میں سکیورٹیز مارکیٹ کا تجربہ رکھتے ہیں۔

تازہ ترین