• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین نیب کا نیب لاہور کے پراسیکیوٹر رانا عارف کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم

لاہور(نیوز رپورٹر) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے نیب لاہور کے پراسیکیوٹر رانا محمد عارف کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔ متعلقہ پراسیکیوٹر نے لاہور ہائیکورٹ میں ایک مقدمہ کی سماعت کے دوران ڈی جی نیب لاہور اور ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب لاہور سے مشاورت کئے بغیر عدالت سے استدعا کی کہ نیب سے درخواست کے بارے میں کمنٹس لئے جائیں جو کہ مبینہ طور پر ملزم کا بھی موقف تھا۔ نیب پراسیکیوٹر رانا عارف نے یہ جانتے ہوئے بھی کہ نیب متعلقہ مقدمہ میں اپنے کمنٹس پہلے ہی جمع کروا چکا ہے پھر بھی ملزم کو فائدہ پہنچانے کیلئے نیب کے پراسیکیوٹر نے اپنے فرائض سے غفلت برتی جس پر نیب لاہور کے پراسیکیوٹر رانا محمد عارف کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔ شوکاز نوٹس میں متعلقہ پراسیکیوٹر سے ان کی اپنے فرائض کی سرانجام دہی میں کوتاہی کی وجوہات معلوم کی جائیں گی تاکہ معاملے کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ چیئرمین نیب نے نیب کے تمام پراسیکیوٹرز اور انوسٹی گیشن آفیسرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر مقدمہ کی قانون کے مطابق پوری تیاری اور ضروری دستاویزات کے ساتھ پیروی کریں اور متعلقہ عدالت میں قانون اور ٹھوس شواہد کے مطابق اپنا موقف بھرپور انداز سے پیش کریں تاکہ بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے ۔
تازہ ترین