• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرٹسٹ ہیلتھ انشورنس کارڈ متعارف کروایا جا رہاہے،فیاض الحسن چوہان

لاہور (خصوصی نمائندہ)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب میں 4لاکھ ما لیت کا آرٹسٹ ہیلتھ انشورنس کارڈ متعارف کروایا جا رہاہے۔ جس سے ہر سال فنکاروں سمیت فنون لطیفہ سے وابستہ ہر شعبہ کے افراد مستفید ہونگے، ابتدائی مرحلے میں دس ہزار فنکاروں کو ہیلتھ انشورنس کارڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔فنکاروں کے لئے پروگرامز منعقد کئے جائیں گے جن میں پرفارم کرنے پر ان کو ایک ایک لاکھ روپے دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے گزشتہ روز الحمرا میں فنون لطیفہ کے شعبے سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات سے ملاقات کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیا ض الحسن چوہان نے کہا کہ نئے گلوکاروں کے لئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کے ذریعے نئے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ادب و ثقافت کے شعبے میں خدمات سرانجام دینے والے لیجنڈز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ یہ ہمارے ملک کے سفیر ہوتے ہیں جو ملکی ترقی اور نیک نامی کے لئے کام کرتے ہیں،ہم ان کو مشکل وقت میں بے یار و مددگار نہیں چھوڑیں گے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں محکمہ اطلاعات و ثقافت نے فنکاروں کی بہبود کے لئے بھرپور اقدامات کئے ہیں اور آئندہ بھی ٹھوس نتائج کے حامل اقدامات کئے جارہے ہیں ۔انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شاہد آفریدی ہمارا ہیرو ہے ۔
تازہ ترین