• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کے اندر رہتے ہوئےخوبصورت موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے آؤٹ ڈور ایریا سے بہتر کوئی جگہ ہوسکتی ہے بھلا! اور جب گرمی کے دنوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ہو تو آؤٹ ڈور ایریا کی اہمیت دگنی ہوجاتی ہے لیکن اس ایریا میں کچھ ایسا بھی ہونا چاہیے، جو آپ کوگرمیوں میں دھوپ اور مون سون میں بارش سے بھیگنے بچا سکے۔ جب بارش ہوتو وہاں بیٹھ کر موسم سے لطف اندوز ہوا جاسکے اور گرمی ہو تو سورج کی شعاؤں سے محفوظ رہا جاسکے۔ ایسے میں بیٹھنے کی جگہ کا انتظام کرنے کے ساتھ سائبان کی اہمیت بڑھ جاتی ہے، جنہیں بنانے کے لیے آپ کے پاس مختلف آپشنز کی لمبی فہرست موجو د ہے۔ یہ سائبان آٹو میٹک بھی بنائے جاتے ہیں، مثلاً ایک بٹن کے ذریعے سائبا ن کو کھولا اور بند کیا جاسکتاہے۔جب کہ کچھ سائبان مستقل بنیادوں پر ہوتے ہیں جیسا کہ لکڑی سے بنے سائبان۔

ایکسٹیریئر سے منسلک سائبان

دوران تعمیر اگر آپ ایکسٹیریئر سے یا پھر گھر کی پیچھے والی دیوار سے منسلک ایک ترپال لگوادیںتو یہ ترپال آپ کو بیرونی حصے کے لیے ایک خوبصورت نشست گاہ فراہم کرسکتی ہے۔اس قسم کے سائبان میں رنگوں کی ایک وسیع ورائٹی موجود ہے، مثلاً اگر آپ نےایکسٹیریئر کے لیے ہلکے رنگوں کا انتخاب کیا ہے تو اس سے منسلک ترپال کے لیےریڈیا بلیک المونیم سےترپال تیار کرواسکتے ہیں۔المونیم کا انتخاب اس لیے بہترین ہے کیونکہ یہ ہلکے اور مضبوط ہوتے ہیں۔ سائبان میں ایسی موٹریں لگوائی جاتی ہیں، جو انہیں خاص اوقات میں کھولنے یا بند کر نے کے کام آتی ہیں۔

قدرتی خوبصورتی سے ڈھکے سائبان

اگر آپ کے پاس باغ میں کم جگہ ہے تو قدرتی خوبصورتی سے ڈھکے سائبان کا انتخاب کریں، یہ سائبان زیادہ مہنگے بھی نہیں ہوتے۔ لکڑی سے بنے ستونوں کے پیش نظر ان سائبان کے لیے المونیم کی چھت کا انتخاب کیا جاتا ہے اور اسے پودوں سے مکمل طور پر ڈھانپ دیا جاتا ہے۔ان پودوں کے لیے پھولوں، بیلوں اور لٹکنے والے گملوں کی ایک بڑی تعداد رکھ کراس حصے کو تازہ اور قدرتی ماحول بنایا جا سکتا ہے۔ بہت سے پودوں کی مدد سے سائبان کو ایک سبز چھت عطا کرنا اور اِس کے ستونوں پر بیلیں لگانا ایک ایسی تجویز ہے، جس کا نتیجہ ہر حالت میں پرکشش اور دلکش ہو گا۔ یہ چھوٹی جگہوں کے لیے بہترین ہے، جس میں آپ باغ کی ایک دیوار کو چھت لگانے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں اور پھر اِس کے نیچے فرنیچر رکھ سکتے ہیں۔

جدید طرز کے سائبان

اگر آپ ماڈرن ٹچ کے ساتھ شیڈی گارڈن کی تعمیرکا ادارہ رکھتے ہیں تو پوگولا کا انتخاب آپ کے صحن/ بیک یارڈ کے لیے ایک بہترین انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔ کالے اور قدرتی رنگ کی لکڑی اور میٹل کے امتزاج سے بنایا گیا سائبان بیک یارڈ کے لیےایک بہترین اضافہ ثابت ہوگا۔ یہ سائبان باغ کے ایک کونے میں مڑی ہوئی دھاریوں سے بنائے جاتے ہیں، جنہیں المونیم سے بنی پتلی ڈنڈیاں سہارا دیے ہوئے ہوتی ہیں۔آپ سب دھاریاں اکٹھی کر سکتے ہیں یا انہیں حصوں میں تقسیم کر کے اپنی مرضی کا سایہ بنا سکتے ہیں۔

تکونی چھت والے سائبان

تعمیرات کی دنیا میں جاپانی انداز کے خوبصورت اور دلکش سائبان خاصے مقبول ہیں۔ ان سائبانوں کی بنیاد بھی لکڑی کے ستونوں پر کھڑی ہوتی ہے، جن کی خاص بات ان کی تکونی چھت ہوتی ہے، جس کے لیے لکڑی یا پھر ماربلز کا استعمال کیا جاتا ہے اور اس ایریا کو باغ کے دیگر حصوں سے علیحدہ کرنے کے لیے کچے فرش کے بجائے لکڑی کے فرش کا انتخاب کیا جاتا ہے لکڑی کے خوبصورت پینلز کی مدد سے اس فرش کو گِلو اور چپکانے والی ٹیپز کے ساتھ تعمیر کیا جاتا ہے۔ جس کے باعث یہ پینلز سختی اور خوبصورتی کے ساتھ چپک جاتے ہیں۔ یہ ایک شاندار منصوبے کا دلکش اور خوبصورت اسٹائل والا سائبان کہلاتا ہے ۔

ٹیرس میں سائبان

سائبان باغ میں ہی نہیں ٹیرس پر بھی بنائے جاسکتے ہیں لیکن ان سائبان سے متعلق ایک عام مسئلہ یہ ہے کہ رات کے وقت یہ جگہ درست طور پر استعمال نہیں کی جا سکتی۔ اس لیے ٹیرس پر بنے سائبان کے لیے عام طور پر فولڈنگ شیڈز کا انتخاب کیا جاتا ہے ساتھ ہی روشنیوں کا بھی خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ مصنوعی روشنی کی بدولت سورج غروب ہونے کے بعد بھی آپ اپنے ٹیرس میں لطف اٹھا سکیں گے۔ ایک طرف سے اسے موڑ کر آپ ہوا کا رُخ بھی بہتر بناسکتے ہیں۔اگر آپ ٹیرس پر مستقل سائبان بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو لکڑی کے ستونوں پر کھڑے سائبان کا انتخاب کریں اور اس سائبان کی چھت پر المونیم کی پلیٹیں لگوائیں تاکہ ضرورت پڑنے پر انھیں گھما کر سایہ حاصل کیا جاسکے۔

تازہ ترین