• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم جانتے ہیں مطالعہ بہت ضروری ہے تاہم کیا آپ جانتے ہیں ایسا کیوں ہے ؟

ہر کامیاب انسان مطالعہ کا شوقین ہے، مگر کیوں؟

اگر ہم ان سوالوں کا جواب چاہتے ہیں تو ہمیں مطالعہ کی اہمیت پر نظر ڈالنی ہوگی، ہمیں جاننا ہوگا کہ کامیابی کے لیے مطالعہ کا کیا کردار ہے۔ کامیابی ایک ایسا سفرہے، جو زندگی کے ہر مرحلے پربے حد اہم ہے۔ جس طرح اناج اگانے کے لیے پانی ضروری ہوتا ہے، اسی طرح کامیابی کے لیے مطالعہ بھی ضروری ہے۔کسی بھی انسان کے لیے کامیابی ایک ایسا امتیازی موضوع ہے، جو اپنی خصوصیات اور اہمیت کے اعتبارسے گہرے مطالعے کا متقاضی ہے۔کامیابی کا سفرمختصر نہیںہوتا اور دوران سفرمطالعہ جتنا گہرا ہوگا کامیابی کی راہیں اتنی وسیع ہوتی چلی جائیں گی۔ کامیابی یا دولت کسی مخصوص طبقے یا افراد کے لیے مخصوص نہیں ہوتی بلکہ دنیا کا ہر شخص دولت مند بن سکتا ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ درست روش کو اپناتے ہوئے اس حقیقت کو تسلیم کیا جائے کہ انسان کی استعداد اور صلاحیتوں میں نمو پانے کے لیے مطالعے کی اہمیت مسلم ہے۔

شعور میں پختگی اور فکر کو وسعت

ماہرین کی رائے کے مطابق علم و حکمت کے سمندر میں سفر کرنے کے لئے مطالعے کی ناؤ لازمی ہے۔ مطالعے کے ذریعے دل و دماغ کے بند دریچے کھلتے چلے جاتے ہیں، شعور پختہ ہوتا ہے اور فکر کو وسعت ملتی ہے۔ اعلیٰ نظریات، تصورات، خیالات اور تخیلات، یہ سب مطالعے ہی کی دین ہیں۔مطالعہ ہی انسان میں وسعت قلبی، رواداری اور روشن خیالی کو پروان چڑھاتا ہے۔

مسائل کے حل کا تلاش ایک نئی نظر سے

مطالعہ کے ذریعے،انسان اپنی شخصیت کو ایک نئے طریقے سے پروان چڑھانے ،نئی معلومات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنےاور کچھ حاصل کرنے کے لیے منفردطریقوں پر عمل در آمد کرتا ہے۔ آپ مطالعہ کے ذریعے حاصل کی گئی معلومات سے نت نئے شوق تلاش کرتے ہیں، یہ چیزیں مستقبل میں انسان کی کامیابی اور کیریئر پر مثبت اثر ات ڈالتی ہیں۔ مطالعے کے ذریعے انسان کا دماغ غلط خیالات سے مامون ہوجاتا ہے،وہ زبان درازی اور بدگمانی سے بچتے ہوئےصراط مستقیم پر گامزن رہتا ہے۔

نفس کی اصلاح

مطالعہ انسان کو اپنی ذات کی اصلاح میں مدد دیتا ہے ۔علم سمندر ہے تو مطالعہ کرنے والا اس میں جواہر تلاش کرتا ہے۔ مطالعہ دنیا کو بہتر طریقے سے سمجھنے میں مدددیتا ہے ، استعداد و صلاحیتوں میں نمو پیدا کرتا ہے۔مطالعہ کے ذریعے ہی مختلف سوالوں کا جواب آسان ہوجاتا ہے، جنھیں ڈھونڈناعام آدمی کے لیے مشکل ہے مثلاًخود اعتمادی کیسے پیدا کی جائے ؟کسی عمل سے پہلے منصوبہ بندی کیسے کرنی چاہیے؟ ان تمام معلومات کا حصول مطالعہ سے ہی ممکن ہے۔مطالعہ بہترین عمل ہے جو بہتر فیصلوں کی قوت دیتا ہے۔ انسان میں وسعت قلبی، رواداری اور روشن خیالی پروان چڑھاتا ہے۔ یہ روح کو بھی تقویت دیتا ہے۔

قوت فہم میں بہتری

پڑھنے والا دوسروں کے تجربات سے مستفید ہوتاہے اور بلند پایہ مصنفین کا ذہنی ہمسفر بن جاتاہے۔مطالعہ سمجھنے کی صلاحیت بہتربنتا ہے، مطالعہ کے بعد استاد کا سبق خوب ذہن نشین ہوتا ہے،اس میں ایسی مسرت ہے کہ جس کا پانے والا بادشاہت کو ٹھکرا دے۔مثال کے طور پر اگر آپ مگرمچھ اور اس کی عادت سےمتعلق مطالعہ کرتے ہیں تو یہ معلومات زندگی میں دوران تعلیم ہی نہیں بلکہ ہر سفر میں آپ کی مددگار ثابت ہو گی۔ اگر زندگی میں کبھی مگرمچھ دیکھنے کا تجربہ ہو تو آپ کو پہلے ہی اندازہ ہوگا کہ یہ جانور آپ کے لیے کتنا خطرناک ہے اور کتنا نہیں؟ مطالعہ زندگی کے اصولوں کو سمجھنے اور انھیں بہتر بنانے میں مدددیتا ہے ۔

دوسروں کے تجربات کا علم

کسی دانشور کا قول ہے ’’ انسان کو اپنی غلطیوں سے نہیں، دوسرے کی غلطیوں سے سیکھنا چاہیے ‘‘اور یہ مطالعہ ہی ہے جو دوسروں کے تجربات اور غلطیوں سے متعلق معلومات فراہم کرتا ہے۔جس کے بعد آپ درست راستے کے انتخاب اور مقصد کے حصول کے لیے ان غلطیوں کو دوبارہ دہرانا نہیں چاہتے ۔زندگی بہت مختصر ہے، اسے غلطیوں اور تجربات میں ضائع کرنے کے بجائے ضروری ہے کہ ان غلطیوں اور ناکامیوں سے متعلق علم حاصل کیا جائے جو آپ سے پہلے لوگ کرچکے ہیں تاکہ وہ ہی غلطیاں دہرانے میں آپ اپنا وقت برباد نہ کریں۔

دماغ سے منسلک

جس طرح ایک صحت مند جسم کو خوراک اور ورزش کی ضرورت ہوتی ہے، اسی طرح ایک صحت مند ذہن کے لیے مطالعہ کی بڑی اہمیت ہے۔ خاموشی میں کیا گیا مطالعہ مقصد کی جانب توجہ مرکوزکرتا ہے۔ مصنف نے کسی مقصد کے حصول کے لیے کیا لائحہ عمل اختیار کیا، اس کا نقطۂ نظر بہتر زندگی اور مقاصد کے حصول میں آپ کے بہتر لائحہ عمل کاتعین کرتا ہے۔

مطالعہ ہی وہ پہلی سیڑھی ہے، جہاں انسان اپنی دنیاوی اور آخروی کامیابی کے لیے اپنے افکار میں نمو پیدا کرتا ہے،مثبت مطالعہ میں شبانہ روز مصروف رہنے والوں کی ہر ساعت قیمتی بن جاتی ہے اور نقوش رفتگان سے کتب بینی کی عظمت،اہمیت اور افادیت کا گوہرِ آبدار ہاتھ آجاتا ہے۔ 

تازہ ترین