• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس کو فل فرائی اور ہاف فرائی کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پولیس کو فل فرائی اور ہاف فرائی کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے، عدالتیں موجود ہیں وہ سزائیں دیں، پولیس کو یہ اجازت نہیں ہے، جو پولیس افسر ہاف یا فل فرائی میں ملوث ہوگا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

پی پی رہنما شرجیل میمن نے صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پولیس کی جانب سے خفیہ کوڈ استعمال کرنے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ اہل کار ملزمان کو زخمی کرنے کے لیے ہاف فرائی اور مارنے کے لیے فل فرائی کا کوڈ استعمال کرتے ہیں۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ جیل میں ایسے کئی قیدی دیکھے جن کے پاؤں پر گولیاں لگی تھیں ۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے اس انکشاف پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ فل فرائی اور ہاف فرائی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کاروکاری یا خودکشیوں کےمقدمات بھی ہیومن رائٹس کی نظر سے دیکھے جارہے ہیں، انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی شکایات کا ٹول فری نمبر 00011-0800 ہے، جو 24 گھنٹے کام کرتا ہے، کوئی بھی شخص مفت کال کر کے شکایت درج کروا سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ تعلیم ایک بنیادی حق ہے، ہم نے تعلیم مفت کی ہے،اساتذہ کی تربیت کر رہے ہیں، اساتذہ کی بھرتی میرٹ پر کرتے ہیں، گھوسٹ اساتذہ کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

تازہ ترین