• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں4 روز کیلئے ڈبل سواری پر پابندی، نیا نوٹیفیکشن جاری

سندھ بھر میں چار روز کے لئے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی رہے گی۔

حکومت سندھ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر عائد پابندی کے سابقہ حکم نامے میں تبدیلی کرتے ہوئے اسے 10ربیع الاول سے 13ربیع الاول تک کردیا ہے۔

اس سے قبل جاری کردہ صوبائی محکمہ داخلہ کے حکم نامے میں یکم ربیع الاول سے بیس ربیع الاول تک موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

صوبائی سیکریٹری داخلہ عبدالکبیر قاضی کے دستخط کے ساتھ جمعہ کو جاری ہونے والے نوٹیفیکشن کے مطابق سندھ بھر میں 19نومبر سے 22نومبر 2018تک موٹر سائیکل پر ڈبل سواری، لاؤڈ اسپیکر کے استعمال، اشتعال انگیز آڈیو، وڈیو کیسٹ اور موادرکھنے اور لانے لیجانے، اشتعال انگیز تقاریر اور فرقہ واریت پر مبنی نفرت پر اکسانے اور اسلحہ کی نمائش اور اسکے لانے لیجانے پر پابندی ہوگی۔

حکم نامے کا اطلاق مذکورہ بالا چار روز تک سندھ بھر میں ہوگا، تاہم چپ تعزیہ جلوس اور جشن عیدمیلاد النبیﷺ کے حوالے سے منعقد ہونے والی ریلیوں اور محفلوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی کا اطلاق صحافیوں، محکمہ پولیس کے افسران و اہلکاروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں، رجسٹرڈ سیکورٹی کمپنیوں کے گارڈزکے ڈیوٹی کے اوقات کے دوران اور لازمی خدمات انجام دینے والے اداروں پر نہیں ہوگا۔

تازہ ترین