• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایس پی طاہر داوڑ کی گمشدگی اور افغانستان میں قتل کی تحقیقات کےلئے 7 رکنی جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی۔

چیف کمشنر اسلام آباد کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن جے آئی ٹی کے سربراہ ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 7 رکنی ٹیم میں آئی ایس آئی، آئی بی، ایم آئی کا ایک ایک نمائندہ ہوگا، ایس ڈی پی او شالیماراور ڈی ایس پی سی آئی ڈی بھی تحقیقاتی ٹیم کا حصہ ہوں گے ۔

ایس پی پشاور طاہر داوڑ کے ورثا کے لئے خیبرپختونخوا حکومت نے شہید پیکیج کے تحت معاوضہ دینے کی منظوری دے دی ہے ۔

وزیر اطلاعات کے پی کے شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ شہید ایس پی طاہر داوڑ کے ورثا کو ڈیڑھ کروڑ روپے دیئے جائیں گے، پیکیج میں مالی امداد اور پلاٹ بھی شامل ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ شہید ایس پی طاہر داوڑ گریڈ 17 میں خدمات انجام دے رہے تھے، طاہر داوڑ کی 60 سالہ ریٹائرمنٹ تک ان کی اہلیہ کو تنخواہ دی جائے گی۔

ان کا کہناتھاکہ شہید پولیس افسر کے بچوں کو تعلیم کے لیے اسکالرشپ دی جائے گی اور طاہر داوڑ کے ایک بیٹے کو اے ایس آئی بھرتی کیا جائے گاجبکہ بیوہ اور بچوں کو مفت طبی سہولیات دی جائیں گی۔

خیال رہے کہ خیبر پختونخوا پولیس کے ایس پی طاہر خان داوڑ اسلام آباد سے 26 اکتوبر کو لاپتہ ہوئے تھے اور پھر ان کی لاش 13 نومبر کو افغانستان کے صوبے ننگر ہار سے ملی تھی۔

حکومت پاکستان کی جانب سے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے افغان سفیر کو طلب کر کے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا گیا۔

تازہ ترین