• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کی عوامی خدمات کو ہرکوئی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ موقف کی درستگی کے ساتھ چیئرمین سینیٹ اور وزیراطلاعات کا ٹاکرا جمہوری اقدار کی سربلندی کیلئے ایک اچھا نقطہ آغاز ہے۔ ایوان کو بے توقیر کرنے والوں کی سیاسی تربیت مشرف دور میں ہوئی، جب سیاسی مخالفین کی حق گوئی کو دبانے کے لئے ناشائستہ طرز مخاطب بطور ایک آزمودہ ہتھیار استعمال کیا جاتا تھا۔ آمرانہ سوچ کے حامل یہ مسلط کردہ عناصر اپنی غیر حقیقی شناخت کا بھرم رکھنے اور قوم کی توجہ اپنی نااہلی سے کسی اور طرف مبذول کرنے کے لئے اس مسلط کردہ کلچر کی آبیاری میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طرز حکمرانی وہ ہے جسے قوم مدتوں یاد رکھے، افلاس زدہ عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ تک چھین لینا ایسی طرز حکمرانی قوم نے پہلے کبھی دیکھی نہ سنی، ایسا تو کبھی کسی آمر کے دورحکومت میں بھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس حقیقت کا اعتراف تو ہمارے سیاسی مخالفین بھی کرتے نہیں تھکتے کہ پیپلزپارٹی کی ملکی استحکام، سالمیت اور عوامی خدمات کی بناء پر اسے عام آدمی بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ بھرپور عوامی پذیرائی نے اسے ایسا طرزحکمرانی بخشا جس پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اس نے ہر سطح پر فتوحات کے جھنڈے گاڑھے اور یہی اس کی سیاست کا محور ہے۔
تازہ ترین