سبرمنگھم (ابرار مغل)حضرت سلطان باہو ٹرسٹ برمنگھم کے زیراہتمام عظیم الشان سالانہ مرکزی جلسہ میلاد النبیﷺ مورخہ 19نومبر2018ء بمطابق 11 اور 12ربیع الاول کی درمیانی شب زیرصدارت سجادہ نشین دربار عالیہ سخی سلطان باہو صاحبزادہ پیرسلطان فیاض الحسن قادری و زیرنگرانی چیئرمین حضرت سلطان باہو ٹرسٹ برطانیہ صاحبزادہ پیرسلطان نیاز الحسن قادری منعقد ہورہا ہے۔ بعداز نماز عشاء شروع ہونے والی روحانی اور بابرکت محفل صبح صادق تک جاری رہے گی۔ اس محفل کو کئی نشستوں میں تقسیم کیا گیا۔ بچوں اور عورتوں کی محفل نعت کے علاوہ نوجوانوں کیلئے انگلش میں خطابات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ اس عظیم الشان جشن عیدمیلادالنبیؐ میں سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سید حامد سعید کاظمی شاہ کی آمد متوقع ہے۔ جبکہ پاکستان سے آئے نامور جید علماء و مشائخ، نعت خواں بھی خصوصی طور پر شرکت کررہے ہیں۔ صبح صادق کے وقت موئے مبارک کی زیارت کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ برمنگھم سمیت پورے مڈلینڈ بھر سے عاشقان رسولؐ کی بہت بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ صاحبزادہ پیرفیاض الحسن خصوصی صدارتی خطاب کریں گے۔ آخر میں پاکستان کے استحکام، سلامتی اور دفاع کیلئے خصوصی طور پر دعا کی جائے گی۔