• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نبی اکرمﷺ نے تمام مذاہب کے احترام کا درس دیا، علامہ ارشد مصباحی

سمانچسٹر (غلام مصطفی مغل) ماہ ربیع الاول میں برطانیہ بھر کی مساجد اور عشق رسول حضرت محمدؐ کے چاہنے والے جشن عید میلاد النبیؐ کی محافل کو سجاتے اور چراغاں کرتے ہیں۔ مانچسٹر کی نارتھ جامع مسجد میں چوتھی سالانہ عید میلادالنبیؐ محفل کا انعقاد ہوا۔ اس موقع پر علامہ مولانا محمد ارشد مصباحی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عاشقان رسولؐ ربیع الاول میں میلادالنبیؐ کی محافل سجاکر جذبہ ایمانی کو تازہ کرتے ہیں، کیونکہ ہمیں جو دین ملا ہے رب اللعالمین نے حضرت محمدؐ کے صدقے دیا ہے۔ آج عالم اقوام میں انسانیت کی خدمت کا درس بھی اسلامی تعلیمات اور سیرت النبیؐ سے ملتا ہے۔ آپؐ نے امن، محبت و بھائی چارے اور مذہب سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت اور دوسرے کے مذاہب کو عزت و احترام کا درس دیا۔ آج کے دور میں ہم سنت رسولؐ کو اپناکر ہی دین اسلام کی حقیقی خدمت کرسکتے ہیں۔ اس وقت عالم اسلام کی مشکلات کی وجہ قرآن پاک اور سیرت النبیؐ پر عمل نہ کرنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اپنی نوجوان نسل کو اسلامی تعلیمات سے آگاہ کریں، کیونکہ دنیا میں جو اسلام کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے اس کا مقابلہ کیا جاسکے اور دین اسلام کی حقیقی روح پہنچائی جائے۔ اس محفل میں ثناء خوان مصطفیٰؐ نے گلدستہ نعت کا ہدیہ پیش کیا، جبکہ حاجی ارشد اشرف، حاجی غلام حسین، اسماعیل، حاجی ذوالفقار، دائود فوجدار، خادم حسین، عرفان، عبدالمجید، شیخ عرفان کے علاوہ عاشقان رسولؐ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تازہ ترین