• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائدآباد میں بم دھماکا، 2افراد جاں بحق، دوسرا بم ناکارہ بنادیا گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے قائد آباد میں فلائی اوور کے نیچے دھماکے کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے جن میںسے 5 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دوسرے بم کو ناکارہ بنادیا گیا۔پولیس کے مطابق قائد آباد فلائی اوور کے نیچے دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جب کہ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ایس ایس پی ملیر کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن کیا،بم ڈسپوزل اسکواڈ دھماکے کی جگہ پہنچ گیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے ۔جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے 5 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ادھر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قائد آباد میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب آئی جی سندھ نے واقعے کے بعد پولیس کو ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے ایس ایس پی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے ، جائے وقوع سے پولیس کو ایک اور بم ملا جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے ناکارہ بنایا، دھماکہ پلانٹڈ ڈیوائس کے ذریعےکیا گیا ۔ جاںبحق ہونےوالوں کی شناخت 17سالہ پپو ولد مشتاق اور20سالہ علی حسن ولد ریاض کے نام سے کی گئی ، زخمیوں میں18سالہ رشیدولد رفیق ، 22سالہ مشتاق ولد بلال ، 30سالہ حق نواز ولد رمضان، 55سالہ صدیق ولد دائود ، 35سالہ ارسلان ولد طارق،25سالہ اللہ دتہ ولد ریاض،28سالہ قمر عباس ولد حیات اور 27سالہ شہاب ولد اکرم کے نام سے ہوئی ہے جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ 

تازہ ترین