• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان: بارشیں نہ ہونے سے خشک سالی میں اضافہ

بلوچستان میں بارشیں نہ ہونے سے خشک سالی بڑھتی چلی جا رہی ہے، صوبے کے8 اضلاع میں خشک سالی نے پنجے گاڑھ لیے، جس سے ایک لاکھ 85 ہزار افراد اور لاکھوں جانور متاثر ہوئے ہیں۔

ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے عطاء للہ مینگل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بلوچستان میں بارشیں نہ ہونے اور زیر زمین پانی کی سطح نیچے چلی جانے سے خشک سالی بڑھتی جارہی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے کے اضلاع چاغی، نوشکی، واشک، خاران، کچھی، جھل مگسی، تربت اور گوادر سے موصول ہونے والی رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ ان علاقوں میں ایک لاکھ 85ہزار افراد جبکہ لاکھوں جانور متاثر ہوئے ہیں ۔

ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ ان اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کی سفارش کی ہے۔

عطاء للہ مینگل نے بتایا کہ صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر ز کو اپنے اپنے ضلع میں سروے کرکے رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے، یہ رپورٹس ایک دو روز میں مل جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 20نومبرکو وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کو اس حوالے سے بریفنگ دی جائے گی جس میں خشک سالی سے نمٹنے کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جائے گی، جبکہ 8سے 10اضلاع کو آفت زدہ قرار دئیے جانے کا بھی امکان ہے۔

تازہ ترین