• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نکالا اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرائی جائیں،برطانوی شیڈو وزیر خارجہ

مانچسٹر ( نیوز ڈیسک) برطانیہ کی شیڈو وزیر خارجہ ایملی تھارنبری نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرانے کا مطالبہ کر دیا ، جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت کے وفد نے چیئرمین راجہ نجابت حسین کی قیادت میں شیڈو وزیر خارجہ ایملی تھانبری سے وارنگٹن میں ملاقات کی ، اس موقع پر تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے برطانوی شیڈو وزیر خارجہ کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور برطانیہ کے آل پارٹیزگروپ کی رپورٹ پیش کی اور کشمیر میں انسانی حقوق ک خلاف وزریوں ، موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی ، اس موقع پر شیدو وزیر خارجہ ایم پی ایملی تھارنبری نے کہا کہ وہ نا صرف رپورٹس کا تفصیلی مطالعہ کریں گی بلکہ میرا مؤقف ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں قابل مذمت ہیں ۔ کشمیر میں پیلٹ گن کا استعمال ، نوجوانوں اور خواتین پر تشدد کا معاملہ نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ایک بڑے جمہوری ملک کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں تشویشناک ہیں ہمیں احساس ہے کہ کشمیری عوام اپنے بنیادی حقوق کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں جو آج کشمیریوں کو پاکستان اور بھارت کی علاقائی ، جغرافیائی اور اندرونی صورتحال کی وجہ سے نہیں مل رہے ۔دونوں حکومتیں ایک دوسرے کو الزام دے کر اس دیرینہ مسئلہ کو حل کرنے کی بجائے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کیے ہوئے ہیں ۔شیڈو وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں برٹش کشمیریوں کی تشویش اور اس مسئلہ کی حساسیت سے مکمل آگاہی ہے ۔ ہم مسئلہ کشمیر کے پر امن سیاسی حل کے خواہش مند ہیں اس موقع پر برطانیہ کے شیڈو وزیر ایم پی افضل خان ، شیڈو وزیر بیرسٹر عمران حسین ، ملاقات آرگنائزر ایم پی وارنگٹن فیصل رشید ،ایم پی بیرسٹر یاسمین قریشی ایم پی مائک الیمزلے ، ممبر یورپی پارلیمنٹ ایم ای پی واجد خان ، لیبر پارٹی کی ایگزیکٹو کونسل کی سینئرممبر و چئیرپرسن تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل برطانیہ کونسلر یاسمین ڈار ، تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے سیکرٹری جنرل محمد اعظم ، سرپرست اعلیٰ سردار عبد الرحمن خان ، سابق لارڈ مئیر بریڈ فورڈ راجہ غضنفر خالق ، کونسلر اصغر خان قریشی ، کونسلر نازیہ رحمان ، سابق مئیر اولڈھم کونسلر شعیب اختر ، نائلہ شریف ، ذیشان احمد سمیت دیگر رہنماء بھی موجود تھے ۔ اس سے قبل تحریک حق خود ارادیت کے چئیرمین راجہ نجابت حسین نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ کی رپورٹس کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں رپورٹس اور متعدد دیگر عالمی اداروں ، این جی اوز کی رپورٹس سے ثابت ہو چکا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و تشدد اور عالمی قوانین کی مکمل خلاف ورزیاں شروع کر رکھی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لیبر پارٹی کی قیادت کو مکمل کشمیریوں کے حق خود ارادیت ک حمایت کرنی چاہئے اور اپنی 1995کی پالیسی اور گذشتہ انتخابات کے منشور پر عملدرآمد کروائے ۔ اس موقع پر ملاقات میں موجود دیگر شیڈو وزراء ، ممبران برطانوی و یورپی پارلیمنٹ نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے لیبر پارٹی اپنی کوششیں شامل کرے گی ۔ ہم ہر محاذ پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے جدو جہد کریں گے ۔ میزبان ایم پی فیصل رشید نے کشمیریوں کی جدو جہد کی حمایت کے لیے اپنی توانیاں صرف کرنے کا اعلان کیا ۔

تازہ ترین