• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

30سال کے دوران برطانیہ کی دوتہائی بینک برانچیں بند ہوگئیں

لندن( پی اے ) وچ کی جانب سے کئے گئے ایک تجزیئے سے ظاہرہواہے کہ گزشتہ 30سال کے دوران برطانیہ کی دوتہائی بینک برانچیں بند ہوگئیں، ابتدائی رپورٹ کے مطابق 1988میں بینک اور بلڈنگ سوسائٹیز کی20ہزار 583برانچیں تھیں،لیکن کنزیومر گروپ کے تجزیئے کے مطابق فی الوقت کرنٹ اکائونٹ کی سہولت فراہم کرنے والی برانچوں کی تعداد کم ہوکر7ہزار586رہ گئی ہے۔کنزیومر گروپ کاکہنا ہے کہ اگرچہ یہ مکمل تقابل نہیں ہے لیکن اس سے 30سال قبل اور آج کی صورت حال کاسرسری جائزہ لیاجاسکتا ہے،وچ کی رپورٹ کے مطابق اب کم وبیش 19فیصد افراد کو اپنی قریب ترین برانچ پرپہنچنے کیلئے کم از کم 3کیلومیٹر اور8فیصد کو 5کیلومیٹر سے زیادہ کا اور6فیصد کو6کیلو میٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کرنا پڑتاہے۔لوگ پوسٹ آفسوں کی برانچز میں ہائی سٹریٹ پر پہنچ سکتے ہیں۔ لیکن2 ہزار سے زیادہ افراد سے ہونے والی بات چیت سے یہ بات سامنے آئی کہ بہت سے لوگ یہ جانتے ہی نہیں ہیں کہ وہ روزمرہ بینکاری سروسز کیلئے پوسٹ آفس استعمال کرسکتے ہیں۔وچ کی رپورٹ کے مطابق بینکنگ کیلئے پوسٹ آفس کی خدمات سے فائدہ اٹھانے والوں نے ان کی خدمات پر بہت زیادہ اطمینان کا اظہار کیا۔
تازہ ترین