• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

K4منصوبہ،ٹیکنکل ایشوز کی وجہ سے تاخیر،لاگت بڑھ رہی ہے،مراد علی شاہ

ٹھٹھہ (شاہد صدیقی/نامہ نگار) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ پانی ہے، K4 منصوبے کی لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے اور سندھ حکومت اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، منصوبے کی فوری تکمیل ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے فور منصوبہ کے معائنے کیلئے کینجھر جھیل کے دورے اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کے فور ایک مشکل منصوبہ ہے، اس منصوبے کو 2018 میں مکمل ہونا تھا، اس میں بہت سے ٹیکنیکل ایشو ہیں، اس لئے اس کی لاگت میں اضافہ ہوتا ہے تاہم 70 سے 75 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر کراچی کیلئے بدین اور ٹھٹھہ کے ساحلی علاقوں میں پانی کی قلت دور کرنے کیلئے ڈی سیلینیشن پلانٹ نصب کرینگے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کے فور منصوبے سے منسلک 50 میگاواٹ کے بجلی گھر سے متعلق کئی متبادل زیر غور ہیں، پہلا متبادل یہ ہے کہ بجلی گھر خود لگائیں یا حیسکو یا کے الیکٹرک سے بجلی لیں، بجلی کیلئے جس منصوبے کی لاگت مناسب ہوگی اسے اپنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبے کی اصل لاگت کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومت اپنے حصے کی رقم دے رہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کو 10کروڑ گیلن یومیہ اضافی پانی کی فراہمی فروری، مارچ تک ممکن ہوگی، کے فور منصوبے سے صرف کراچی کوہی پانی ملےگا۔ قبل ازیں وزیراعلی سندھ کو ایف ڈبلیو او کے بریگیڈیئر مصطفی جمالی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلہ میں کراچی کو260 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جائیگا اور منصوبہ کی تکمیل پر 650 ایم جی ڈی پانی مہیا کیا جائے گا۔
تازہ ترین