• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر پنچایتی انتخابات کے خلاف مکمل ہڑتال ،آسیہ اندرابی پر جھوٹی فردجرم،پاکستان کا اظہار مذمت

سرینگر (نیوز ایجنسی، جنگ نیوز)مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد پنچایتی انتخابات کے انعقاد کے خلاف ہفتہ کو مکمل ہڑتال رہی۔ دکانیں اور کاروباری مراکز بند جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد ورفت معطل رہی۔ حریت رہنما آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں پر من گھڑت فرد جرم عائد کرنے اور غیر قانونی طور پر نظر بندکشمیریوں کی حالت زار کے خلاف وادی میں مظاہرے، پاکستان کی جانب سے آسیہ اندرابی اور دیگر پر فرد جرم عائد کرنے کی مذمت، ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ کشمیری رہنمائوں کی نظربندی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کو دہشت گردی قرار دینے کی بھارتی سازشیں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات کیخلاف وادی میں مکمل ہڑتال رہی ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی تھی۔ مقبوضہ علاقے میں9 مرحلوں پر مشتمل نام نہاد پنچایتی انتخابات ہفتہ سے شروع ہوگئے۔ دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی تحقیقاتی ادارے ’این آئی اے‘ کی طرف سے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کے خلاف نئی دلی کی ایک عدالت میں ایک من گھڑت فرد جرم عائد کرنے ، سینئر حریت رہنما مسرت عالم بٹ پرایک بار پھر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے اور غیر قانونی طور پر نظر بندکشمیریوں کی حالت زار کے خلاف وادی کے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے ۔ دریں اثناء پاکستان نے دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی کے خلاف جھوٹی اور مضحکہ خیز فردجرم عائد کرنے کے بھارتی اقدام کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہےکہ جلد تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جائے،کشمیری رہنمائوں کی نظربندی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان ڈ اکٹر فیصل نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کو دہشت گردی قرار دینے کی بھارتی سازشیں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری رہنمائوں کو بے بنیاد الزامات پر نظربندی اور حراست انسانی حقوق کے منشور کی خلاف ورزی جمہوری ملک ہونے کے بھارتی دعوئوں کی نفی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے عالمی برادری سے بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے تحقیقاتی کمیشن کی جلد تشکیل کا مطالبہ کیا۔

تازہ ترین