• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران اور عراق کی باہمی تجارت 20ارب تک پہنچ جائیگی، روحانی

تہران (جنگ نیوز) ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران اور عراق کے درمیان باہمی تجارت میں اضافہ ہو رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا موجودہ سالانہ حجم 12 بلین ڈالرز سے بڑھ کر 20 بلین ڈالرز تک پہنچ جائے گا۔روحانی کا یہ بیان اپنے عراقی ہم منصب براھم صالح کے ساتھ ملاقات کے موقع پر سامنے آیا ہے۔عراقی صدر برھم صالح ہفتہ 17نومبر کو ہی ايرانی دارالحکومت تہران پہنچے، جہاں انہوں نے اپنے ہم منصب حسن روحانی سے ملاقات کی۔عراقی حکام نے برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ عراق نے ایران کیساتھ اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ایرانی گیس اور توانائی کے بدلے عراق ایران کو کھانے پینے کے اشیاء فراہم کرے گا۔ عراقی صدر ایران کا دورہ ایک ایسے موقع پر کر رہے ہیں جب دو ہفتے قبل ہی امریکا نے ایران کے خلاف پابندیاں بحال کی ہیں۔ امریکی پابندیوں کا مقصد ایرانی تیل کی برآمدات پر قدغن لگانا اور اس کے بینکنگ نظام کو دنیا سے کاٹنا ہے۔ایرانی صدر حسن روحانی کے مطابق، ’’آج دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت 12 بلین ڈالرز (سالانہ) تک پہنچ گئی ہے اور باہمی کوششوں سے ہم اسے 20 بلین ڈالرز تک پہنچا سکتے ہیں۔‘‘رائٹرز کے مطابق بغداد حکومت امریکا کی طرف سے یہ اجازت ملنے کا انتظار کر رہی ہے کہ وہ اپنے پاور اسٹیشنز کے لیے ایرانی تیل درآمد کر سکے۔ عراقی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا کی طرف سے ایرانی تیل کی درآمد پر جو 45 دن کی چھوٹ دی گئی ہے وہ متبادل انتظامات کرنے کے لیے بہت کم وقت ہے۔
تازہ ترین