• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیروزگار پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈرز کا بنی گالا کے باہر دھرنا

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پی ایچ ڈی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پاکستان نے اپنے مطالبات کے منظوری تک وزیر اعظم عمران خان کی رہائشگاہ بنی گالا کے باہر دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، ہفتہ کے روز دو سو سے زائد پی ایچ ڈی ڈاکٹرز نے بنی گالا میں دھرنا دیے رکھا،ڈاکٹر شیر افضل نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات اورمطالبات کی منظوری کے نوٹیفکیشن تک دھرنا جاری رہے گا، ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام بے روزگار پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈرز کو فی الفور روز گار مہیا کیا جائے، اور تمام کو کم از کم 19ویں سکیل پر تعینات کیا جائے۔ دھرنے میں شریک ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق اس وقت پاکستانی جامعات میں 36,000 جبکہ سابق چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر عطاالرحمان کے مطابق 60,000پی۔ایچ۔ڈی اساتذہ کی ضرورت ہے۔ پی ایچ ڈی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پاکستان نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ IPFP پر کام کرنےوالےپی۔ایچ۔ڈی گریجویٹس کو اسی جامعہ میں مستقل کیاجائے۔ تعلیمی معیار کوبرقرار رکھنے کےلیے ان تمام شعبہ جات کو فی الفور بند کیا جائے جہاں ہائرایجوکیشن کمیشن کےمقرر کردہ کم ازکم تعداد میں پی۔ایچ۔ڈی اساتذہ نہیں ہیں۔ سکیل 16,17 اور 18 میں کام کرنےوالے پی۔ایچ۔ڈی گریجویٹس کو 19 ویں سکیل میں ترقی دی جائے۔ نجی جامعات میں پی۔ایچ۔ڈی اساتذہ کی کم ازکم تنخواہ TTS پر تعینات اساتذہ کےبرابرکی جائے۔ پی ایچ ڈی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر شیر افضل کا کہنا ہے کہ جب تک عمران خان سے ملاقات نہیں ہو جاتی اور ہمارے مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جاتا ہم بنی گالا میں دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔
تازہ ترین