اسلام آباد (طارق بٹ) حکومت کے 100 روز مکمل ہونے پر وزیر اعظم عمران خان حکومتی کامیابیوں، مستقبل کے اہداف اور جہتوں سے آگاہ کریں گے جبکہ پاکستان مسلم لیگ( ن) اس دورانیے پر وہائٹ پیپر جاری کرے گی اور پاکستان پیپلز پارٹی فیکٹ شیٹ جاری کرے گی۔ وزیر اعظم 29نومبر تک کی ٹائم لائن میں حاصل کی جانے والی کامیابیوں کو بیان کریں گے اور انہوں نے اپنی کابینہ کی ٹیم کو اپنے خطاب میں شامل کرنے کیلئے کامیابی کی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر، ایک کروڑ نوکریاں، پنجاب پولیس میں اصلاحات، بلدیاتی حکومت کے نظام وغیرہ جیسے اہم وعدوں پر پیش قدمی کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیتے ہوئے وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے میڈیا افتخار درانی نے دی نیوز کو بتایا کہ ہر حلقے میں اہم کامیابی ہوئی جسے وزیر اعظم عمران خان تفصیل سے بیان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اگلے چند روز میں تمام حلقوں کی کامیابیوں کی تازہ ترین معلومات حاصل کررہے ہیں تاہم کئی شعبوں میں بہتری پہلے ہی نظر آرہی ہے اور لوگوں کو تبدیلی کا احساس ہورہا ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے دی نیوز کو بتایا کہ وہ بھی حکومت کے 100 دنوں کے کاموں کے حوالے سے فیکٹ شیٹ تیار کررہے ہیں، نفیسہ شاہ اس پر کام کر رہی ہیں اور مطلوبہ تفصیلات اکٹھا کر رہی ہیں۔ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت کے پہلے 100روز یو ٹرن سے بھرپور ہیں جیسا کہ تحریک انصاف کی معیاری حکمت عملی ہے، ہم کثیر تعداد میں بدلی گئی باتوں کی نشاندہی کریں گے اور بتائیں گے کہ کس طرح سے ایک عام آدمی کی زندگی اتنے قلیل دورانیے میں بہت مشکل ہوگئی ، تحریک انصاف کے5سال سے زائد عرصے سے کئے گئے وعدوں میں سے کوئی بھی کامیابی نہیں ہوئی، یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ یہ حکومت نا اہل ہے جس کے پاس کوئی منصوبہ بندی نہیں اور اپنی کامیابی کا صرف پروپیگنڈا کر رہی ہے، ان کی خصوصیت اپنی کامیابی کے بجائے اپنے سیاسی حریفوں کو گالی دینا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق وزیر اعظم اپنی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی کفایت شعاری مہم اور پیدا کئے گئے منافع پر توجہ دیں گے، وزیر اعظم منی لانڈرنگ کے ذریعے متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کی 15 ارب ڈالرز مالیت کی جائیدادوں کا سراغ لگائے جانے کے حوالے سے بتائیں گے، عمران خان پاکستان کے مختلف حصوں خصوصاً پنجاب اور اسلام آباد میں مافیا سے بڑے پیمانے پر ریاستی زمین واگزار کرانے کے حوالے تفصیلات بتائیں گے۔ وزیر اعظم اپنے بیرونی دوروں کے فوائد اور کامیابی کا بھی تذکرہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان پچھلی حکومت کی پالیسیوں کے باعث پیدا ہونے والی مالی مشکلات اور ان کا حل پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حکومت کی جانب سے ان مسائل سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا تذکرہ کریں گے۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ نئی ہاؤسنگ اتھارٹی کے قیام کیلئے بل تیار کرلیا گیا ہے جسے کسی بھی وقت پارلیمان میں پیش کردیا جائے گا، اسی طرح پنجاب میں نئی بلدیاتی حکومت کا نظام متعارف کرانے کی مجوزہ قانون سازی بھی صوبائی اسمبلی سے منظور کئے جانے کیلئے تیار ہے۔ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان بیرون ملک اتنا زیادہ بدنام کبھی نہیں ہوا جتنا کہ اس حکومت نے کیا ہے، پاکستان کو غیرملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے کیلئے ایک اچھی جگہ پیش کرنے کے بجائے وزیر اعظم نے بیرون ملک جاکر پاکستان آنے کیلئے سب کے حوصلے پست کردئیے۔ انہوں نے کہا کہ وہائٹ پیپر میں بتایا جائے گا کہ حکومت نے اپنے 100 دنوں میں صرف سیاسی درجہ حرارت کو بڑھایا اور معاشی استحکام کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا، آج ملک میں کاروبار جمود کا شکار ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کہ یہ 100 روز قوم کیلئے مذاق بن گئے ہیں، حکومت نے عوام سے کئے گئے ہر وعدے پر یو ٹرن لیا۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے وزراء نے پارلیمان کے دونوں ایوانوں کو کسی بھی قسم کی پر معنی قانون سازی یا بحث میں حصہ لینے کے بجائے چیخنے چلانے، تہمت طرازی اور حزب اختلاف کی جماعتوں کو بدنام کرنے کی جگہ بنا کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان 100 دنوں میں اندرونی اور بیرونی محاذوں پر ناکامی در ناکامی سامنے آرہی ہے اور حکومت اپنے مدار کو تبدیل کرنے کیلئے تیار نہیں۔