• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک منصوبوں کے باعث چینی زبان سیکھنا ضروری ہوتا جارہا ہے، محمد اویس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ کے تحت تیسرے بیچ نے چینی زبان سیکھنے کا کورس مکمل کر لیا ۔ اس سلسلے میں ہفتے کو انسٹیٹیوٹ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں کورس کے شرکاء نے چینی زبان میں پریزینٹیشن دیں اور اپنے خیالات کا اظہار کیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینٹر فار ایکسیلینس پاکستان انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ کے ڈائریکٹر محمد اویس نے کہا کہ دنیا بھر میں چینی زبان کی اہمیت بڑھتی جارہی ہے پاکستان میں یہ زبان اس لئے بھی اہم ہوتی جارہی ہے کہ سی پیک اورمتعدد منصوبوں میں چینی سرمایہ کاری کے سبب چینی باشندوں کی تعداد ہمارے ملک میں بڑھتی جارہی ہے جن سے بات چیت اور رابطے کےلئے اس زبان کا جاننا ضروری ہوتا جارہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اس زبان کو سیکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اس لئے ہم نے 3؍ ماہ پر مشتمل کورس شروع کرایا ہے جو کامیابی سے جاری ہے آج تیسرے بیچ کا کورس مکمل ہوگیا ہے جس پر بے حد خوشی ہو رہی ہے ۔چائینیز لینگویج کے ٹیچر ینگ چن کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی مثالی ہے اپنے دوست ملک کے عوام کو اپنی زبان سکھا کر انہیں خوشی ہورہی ہے، ان کے پاکستانی طلباء بہت ذہین ہیں تیزی سے چینی زبان سیکھ رہے ہیں ۔ کورس مکمل کرنے والی طالبہ پاکیزہ بیگ نے بتایا کہ انہوں نے انگلش لینگویج میں ماسٹرز کر رکھا ہے اور وہ انگریزی کی ٹیچر ہیں انہیں مختلف زبانیں سیکھنے کا شوق ہے ۔ چینی زبان سیکھنے کے اس کورس سے انہیں بہت فائدہ ہوا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح پاکستان میں بزنس آرہا ہے اس سے لگ رہا ہے کہ آئندہ اسکولوں میں بھی چینی زبان پڑھائی جائے گی ۔ تقریب کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا۔
تازہ ترین