کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مضر صحت کھانا کھانے سے جاں بحق بچوں کے والد اور نانا سندھ حکومت ، محکمہ صحت اور فوڈ اتھارٹی سے مایوس ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ فوڈ اتھارٹی نے کھانوں کے تمام نمونے لئے اب کہتے ہیں نمونے صحیح نہیں ملے ۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پارک اور ریسٹورنٹ سے مبینہ طور پر مضر صحت کھانا کھانے سے ہلاک بچوں احمد اور محمد کے والد احسان اور نانا محمد فاروق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پولیس کی ابتک کی تفتیش سے مطمئن ہیں ،لیکن سندھ حکومت ، محکمہ صحت اور فوڈ اتھارٹی کے لوگوں سے مایوس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کاابتک واقعہ پر کوئی بیان سامنےنہیں آیا،،سندھ فوڈ اتھارتی نے کھانے کے تمام نمونے لئے تھے ، اب کہتےہیں ہمیں ٹھیک سے نمونے نہیں ملے ۔ لاہور کی رپورٹ کیا آئی اس کو منظرعام پر لایاجائے ۔
بچوں کے نانا کا کہنا ہے نواسے عمران خان کے فین تھے،عمران خان نے تبدیلی کا نعرہ لگایا، ان سے بہتری کی امید ہے۔انھوں نے وزیراعظم سے شفاف تحقیقات کی اپیل کی۔
بچوں کے والد محمد احسان نے سوال کیا وزیر صحت کہاں ہیں وہ اس معاملے کی تحقیقات کرائیں،پولیس نے ان کے گھر اور ریسٹورنٹ سے تمام نمونے لئے ہیں ،بچے کا پوسٹ مارٹم کرانے پر اس لئے رضامند ہوئے کہ سچ سامنے آئے ، تمام چیزیں کرنے کے باوجود اصل رپورٹ کیا ہے کچھ نہیں پتا۔